امتحانات میں بے ضابطگی کرنے والے ملازمین کی مستقل برخاستگی
پرچے لیک نہیں ہوئے، طلبا اور والدین سے پریشان نہ ہونے: وزیر تعلیم کامشورہ
حیدرآباد:۔4؍اپریل
(زین نیوز)
ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے واضح کیا ہے کہ جو ملازمین 10ویں جماعت کے امتحانات کے انعقاد میں بے قاعدگی کا مرتکب ہوں گے انہیں ملازمتوں سے مستقل طور پر ہٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت برتنے والوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں 10ویں جماعت کا سوالیہ پرچہ لیک نہیں ہوا ہے اور امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبا کو اس سلسلے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ دسویں جماعت کے امتحانات کے انعقاد پر ضلع کلکٹروں، پولیس کمشنروں، ایس پیز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔
اس ویڈیو کانفرنس میں محکمہ تعلیم کے سکریٹری وکاتی کرونا، محکمہ ا سکول ایجوکیشن کمشنر دیوسینا، پولیس رینج کے آئی جیز شاہنواز قاسم اور چندر شیکھر ریڈی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ حکومت نے امتحانات کے انعقاد میں سخت اقدامات کئے ہیں اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ ان امتحانات کے معاملے میں اپنے ذاتی مفادات کیلئے طلبا کے مستقبل کے ساتھ نہ کھیلیں۔
مزید برآں، کلکٹرس اور ایس پیز کو بقیہ چار امتحانات کے انعقاد کے سلسلے میں مزید سخت اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے واضح کیا کہ تقریبا55ہزارعہدیداراور عملہ ان امتحانات کے انعقاد میں براہ راست حصہ لے رہے ہیں،
کسی بھی حالت میں امتحانی مراکز میں سیل فون اور الیکٹرانک آلات کے لے جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور یہ اصول ان عہدیدار اور عملے پر بھی لاگو ہوتا ہے جو امتحانات منعقد کر رہے ہیں یا امتحانات کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امتحان انتہائی شفاف طریقہ سے منعقد کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غلط فہمی یا شکوک و شبہات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کلکٹرس اور ایس پیز کو امتحانی پرچوں کی نقل و حمل کے حوالے سے مزید حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر دفعہ144پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور زیراکس کی دکانیں بند کی جائیں۔ وزیر نے انٹر امتحانات کو پرامن طریقہ سے منعقد کرنے پرعہدیداروں کو مبارکباد دی۔
