نشے میں دھت مسافر نے دہلی۔بنگلور انڈیگو فلائٹ کا ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کی
مسافرسی آئی ایس ایف کے حوالے
دہلی :۔8؍اپریل
(زین نیوز ڈیسک)

دہلی سے بنگلور جانے والی انڈیگو کی فلائٹ سے ایسی خبر سامنے آ رہی ہے، جس پر تیزی سے چرچا ہو رہا ہے۔ معلومات کے مطابق فلائٹ میں سوار 40 سالہ مسافر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایک عہدیدارنے بتایا کہ یہ شخص فلائٹ میں نشے کی حالت میں تھا اور وہ فلائٹ کے ایمرجنسی ڈور فلیپ کو کھولنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ واقعہ 7 اپریل کی صبح تقریباً 7.56 بجے کا بتایا جا رہا ہے۔ مذکورہ واقعہ آئی جی آئی ایئرپورٹ سے پرواز کرنے والی انڈیگو 6E 308 میں دیکھا گیا۔
واقعہ کے بارے میں انڈیگو کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق دہلی سے بنگلور جانے والی فلائٹ میں مسافر نشے کی حالت میں ایمرجنسی ڈور کا فلیپ کھولنے کی کوشش کر رہا تھا۔
خلاف ورزی کی اطلاع ملنے پر جہاز کے عملے نے کپتان کو آگاہ کیا اور مسافر کو بنگلورو پہنچنے پر سی آئی ایس ایف کے حوالے کر دیا گیا۔ فی الحال کیس کی تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ انڈیگو میں اس طرح کے کئی معاملے پہلے بھی دیکھے جا چکے ہیں۔ یکم اپریل کو بنکاک سے ممبئی جانے والی انڈیگو ایئر لائن کی پرواز میں مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کی خبر آئی تھی۔ اس سے قبل 26 مارچ کو انڈیگو گوہاٹی۔دہلی فلائٹ میں نشے میں دھت شخص نے الٹی کر دی تھی۔
22 مارچ کی بات کریں تو اس دن دبئی سے ممبئی جانے والی انڈیگو کی فلائٹ میں دو مسافروں نے شراب نوشی شروع کر دی۔ اسی وقت، 26 نومبر 2022 کو نیویارک سے دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں ایک بزرگ خاتون مسافر کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔ اس وقت ایک نشے میں دھت شخص نے ایک بزرگ خاتون پر پیشاب کر دیا تھا۔
