جھارکھنڈ کےجمشید پور میں تشدد کے بعد کشیدگی، سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ

تازہ خبر قومی
جھارکھنڈ کےجمشید پور میں تشدد کے بعد کشیدگی، سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ
جمشید پور :۔10؍اپریل
(زین نیوز ڈیسک)
جمشید پور میں دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے بعد سرکاری عہدیداروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ امن و امان کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع کے عہدیداروں اور نگران افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کوئی افسر بغیر اجازت ہیڈ کوارٹر نہیں چھوڑے گا۔ اس کے ساتھ ہی تمام بلاک اور زونل افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں الرٹ رہنے کو کہا گیا ہے۔
دریں اثنا، پولیس نے کڑما کے شاستری نگر بلاک نمبر دو کے قریب پتھراؤ کرنے والوں کے کئی مکانات کی نشاندہی کی ہے ۔ ابتدائی تفتیش میں پتا چلا ہے کہ کئی مقامات پر پتھروں کے ساتھ تلواریں اور دیگر ہتھیار بھی رکھے گئے تھے۔ مجسٹریٹ کم جمشید پور نوٹیفائیڈ ایریا کمیٹی (جے این اے سی) کے سٹی منیجر روی بھارتی نے ایک تلوار ضبط کرلی ہے۔
پتھر بازی کے الزام میں پکڑے گئے ایک نوجوان کو وجرہ گاڑی میں رکھا گیا تھا۔ کچھ دیر بعد نوجوان پولیس سے بچتے ہوئے اچانک گاڑی کا دروازہ کھول کر نیچے اترا اور مذہبی مقام کی گلی میں بھاگا۔ درجنوں پولیس عہدیدار لاٹھیاں لے کر اس کے پیچھے بھاگے لیکن وہ پکڑا نہ جا سکا۔
بتایا جاتا ہے کہ شاستری نگر بلاک نمبر 2، آئی سی روڈ پر واقع مرکزی چوک پر پولیس تعینات تھی، لیکن جس مذہبی مقام پر میٹنگ ہو رہی تھی، اس کے قریب کوئی پولس عہدیدار موجودنہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ پتھراؤ شروع ہونے کے بعد کچھ ہی دیر میں حالات بگڑ گئے۔
اس سے قبل اتوار کو شاستری نگر پولس تھانہ امن کمیٹی کی میٹنگ میں دونوں برادریوں کے لوگوں نے واقعہ کی مذمت کی۔ ارکان نے امن برقرار رکھنے پر زور دیا۔ اس دوران پولس نے بتایا کہ کدما شاستری نگر بلاک نمبر تین چوک میں ان لوگوں کی تلاش کی جارہی ہے
جنہوں نے مبینہ طور پر مذہبی جھنڈوں کے ساتھ بانس میں قابل اعتراض چیزیں باندھ رکھی تھیں۔ میٹنگ میں یہاں اعلیٰ صلاحیت کے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔ ایس ایس پی پربھات کمار نے پولیس سے کہا کہ وہ افواہیں پھیلانے والوں پر نظر رکھیں۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ اتوار کے روز مذہبی جھنڈے کی مبینہ توہین کی وجہ سے جمشید پور کے شاستری نگر میں دو گروپوں کے درمیان پتھر بازی اور آتش زنی کا واقعہ پیش آیا، جس سے حکام کو اتوار کی شام کو علاقے میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کرنے پر مجبور کیا گیا۔
 انہوں نے کہا کہ متحارب گروپوں نے دو دکانوں اور ایک آٹو رکشہ کو نذر آتش کر دیا اور پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ جھارکھنڈ کے کڈما تھانے کے تحت شاستری نگر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے