تلنگانہ میں 4 فیصد مسلم تحفظات مذہب کی بنیاد پر نہیں د ئے گئے ۔ مخالف ریمارکس کی مذمت

تازہ خبر تلنگانہ
تلنگانہ میں 4 فیصد مسلم تحفظات مذہب کی بنیاد پر نہیں د ئے گئے ۔ مخالف ریمارکس کی مذمت
امیت شاہ کی غلط بیانی اور ناپاک عزائم کے خلاف سپریم کورٹ سے شکایت کا اعلان
حیدرآباد:۔24/اپریل
 (زین نیوز)
 سابق وزیر محمد علی شبیر نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 4 فیصد مسلم ریزرویشن کو غیر آئینی قرار دینے پر وزیر داخلہ امت شاہ کی سخت مذمت کی۔آج  گاندھی بھون میں صدر کانگریس کمیٹی حیدرآبادسٹی سمیر ولی اللہ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ امیت شاہ جو ہندوستان میں وزیر داخلہ کا قلمدان سنبھالے ہوئے ہیں، اس فرق کو نہیں سمجھتے کہ آئینی اور غیرآئینی کیا ہے۔
 انہوں نے زور دے کر کہا کہ 4% مسلم ریزرویشن مذہب کی بنیاد پر نہیں ہے، بلکہ مسلمانوں میں معاشی اور سماجی طور پر پسماندہ 14 ذاتوں کا احاطہ کرتا ہے، جیسا کہ ایک پسماندہ طبقات کمیشن نے شناخت کیا ہے۔ جس کو کسی دوسر ے طبقہ کے کوٹہ میں کمی کے بغیر فراہم کیا گیا، اور اس پر عمل درآمد کے لیے آندھرا پردیش اسمبلی نے ایک الگ قانون پاس کیا تھا۔
جی اورایم ایس نمبر23/مورخہ اور 7/ جولائی 2007؁ ء کو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کی کاپیاں شیئر کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ آندھرا پردیش پسماندہ طبقات کمیشن نے بی سیز کے درمیان ایک علیحدہ زمرہ ”ای“ بنانے کی سفارش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 4 فیصد کوٹہ مسلمانوں میں غریب ترین  لوگوں کو حاصل ہے۔
 انہوں نے کہا کہ سید، مغل، پٹھان، ایرانی، بوہرہ اور دیگر جیسے مسلم گروہوں کو فائدہ اٹھانے والوں سے باہر رکھا گیا ہے اور صرف سماجی اور معاشی طور پر کمزور گروہوں کو شامل کیا گیا ہے جو حجام، قصاب، پتھر کولہو، دھوبی وغیرہ جیسے پیشوں پر عمل پیرا ہیں انہیں بی سی”ای“میں رکھاگیاہے۔سابق وزیر نے امت شاہ اور بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ مسلم ریزرویشن کی تاریخ سے بے خبر ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ نہ امت شاہ اور نہ ہی بنڈی سنجے 4 فیصد مسلم ریزرویشن کو روک سکتے ہیں اور کانگریس پارٹی اس ہر حال میں تحفظ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے غریب مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیم میں کوٹہ فراہم کرکے انہیں بااختیار بنایا ہے۔
تاہم  بی جے پی  نہیں چاہتی کہ غریب مسلمان ترقی کریں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ سپریم کورٹ کی طرف سے دیے گئے اسٹے پر مارچ 2010 سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 4% مسلم ریزرویشن نافذ ہے۔
 اس لیے اسے غیر آئینی قرار دینا سپریم کورٹ کی توہین اور آئین کی سراسر بے عزتی کے مترادف ہے۔  4% مسلم ریزرویشن کا معاملہ فی الحال سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے اور اس کی سماعت پانچ رکنی آئینی بنچ کرے گی۔
امت شاہ اور دیگر بی جے پی لیڈر ریزرویشن ہٹانے کا وعدہ کرکے کیس کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کیس میں ایک فریق کے طور پر،  وہ (محمد علی شبیر) امت شاہ، بنڈی سنجے اور دیگر کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرنے کے آپشنز کا جائزہ لیں لیں گے
 جس میں انہیں 4% مسلم کوٹہ پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے روکنے کا حکم دینے کا مطالبہ کیا جائے گا، تا وقت تک کہ سپریم کورٹ کی آئینی منظوری نہیں دی جاتی اور بنچ اپنا فیصلہ نہیں سناتا۔
کانگریس لیڈر نے زور دیا کہ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کو مسلمانوں سے 4 فیصد ریزرویشن چھین کر ان کا کوٹہ بڑھانے کے جھوٹے وعدے کے ساتھ دھوکہ دینے کے بجائے، بی جے پی حکومت ان کمیونٹیوں کو ان کی آبادی کے تناسب سے ریزرویشن فراہم کرنے کے لیے قانون سازی کرے۔ بی جے پی حکومت نے گزشتہ نو سالوں میں بی سی کی بہبود کیلئے کوئی الگ وزارت قائم نہیں کی ہے۔