مدھیہ پردیش میں اسکول میں ہندو لڑکیوں کی  ہیڈ اسکارف (حجاب) میں تصاویر سامنے پر تنازعہ

تازہ خبر قومی
مدھیہ پردیش میں اسکول میں ہندو لڑکیوں کی  ہیڈ اسکارف (حجاب) میں تصاویر سامنے پر تنازعہ
 اسکول میں سب کچھ ٹھیک ہے۔کلکٹر میانک اگروال کا دعویٰ 
نئی دہلی :۔یکم؍جون
(زین نیوز ڈیسک)
مدھیہ پردیش کے دموہ کے گنگا جمنا اسکول میں پڑھنے والی ہندو لڑکیوں کی حجاب میں تصاویر سامنے آئی ہیں۔ 10ویں کے نتائج کے بعد اسکول انتظامیہ نے ٹاپرز کی تصاویر جاری کیں جس میں 18 بچوں کی تصاویر ہیں۔ ان میں 15 لڑکیاں ہیں، سبھی حجاب میں نظر آرہی ہیں۔ ان میں سے چار لڑکیاں ہندو ہیں۔
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بدھ کے روز ایک پرائیویٹ اسکول کے پوسٹر کے بارے میں تفصیلی پولیس انکوائری کا حکم دیا جس میں 18 طالب علموں کو بورڈ کے امتحان میں ان کی کارکردگی پر مبارکباد دی گئی تھی، اس کے بعد سوشل میڈیا پر لڑکیوں کے سر پر اسکارف پہننے پر ان کے مذہب سے قطع نظر تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔
وزیر کی مداخلت اس وقت سامنے آئی جب پوسٹر میں نمایاں ہونے والی چار ہندو لڑکیوں کے اہل خانہ نے شکایت درج کرنے سے انکار کر دیا جب دموہ ضلعی انتظامیہ نے سوشل میڈیا کے تاثرات کی بنیاد پر شروع کی گئی ابتدائی تفتیش کے دوران پہلی بار ان سے رابطہ کیا۔
والدین کا کہنا ہے کہ یہ ہیڈ اسکارف (حجاب) اسکول کے ڈریس کوڈ کا حصہ ہے۔ یہ معاملہ دموہ کہانی کے نام سے وائرل ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کلکٹر کو اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور ڈپٹی کلکٹر کے ذریعہ کی گئی انکوائری میں ضلع انتظامیہ کو ایسی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ہم نے اسکول کے طلباء سے ملاقات کی اور انہوں نے انکار کیا کہ انہیں اسکول انتظامیہ نے حجاب پہننے پر مجبور کیا تھا۔
 ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو ڈھانپنے کے لیے حجاب کی طرح اسکارف پہنتے ہیں اور ان کے خاندان کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ہم شکایت کنندہ کے بغیر کیسے کارروائی کر سکتے ہیں؟ ڈپٹی کلکٹر آر ایل باگری نے بدھ کو یہ بات کہی۔
ٹویٹر پر، ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) نے ایک ہی بات کی کہ انکوائری میں کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔ساتھ ہی کلکٹر میانک اگروال کا دعویٰ ہے کہ اسکول میں سب کچھ ٹھیک ہے۔
تنازعہ کے مرکز میں گنگا جمنا ہائیر سیکنڈری اسکول چلانے والے مشتاق محمد نے اس الزام کو رد کر دیا۔ ’’یہ ایک بے بنیاد الزام ہے کہ ہم نے ہندو طلبہ کو حجاب پہننے پر مجبور کیا۔ وہ اسکارف خود پہنتے تھے اور پوسٹرز کے لیے بھی طلبہ نے تصاویر فراہم کی تھیں۔ ہم نے کبھی کسی کوا سکول یونیفارم کے علاوہ کچھ اور پہننے پر مجبور نہیں کیا۔
ان تصاویر میں اس سال دسویں جماعت میں سکول میں ٹاپ کرنے والے ایک ہندو طالب علم کا کہنا ہے کہ ا سکول میں علامہ اقبال کا گانا ’لب پر آتی ہے دعا بنکر تمنا میری، زندگی ہو شمع کی صورت خدایا میری‘ گایا جاتا ہے ۔
معاملہ سامنے آتے ہی ہندو تنظیموں نے احتجاج شروع کر دیا۔ سکول کی پہچان منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
گنگا جمنا ہائر سیکنڈری اسکول نے یہ پوسٹر دسویں کے نتائج کے بعد دموہ کے گوری شنکر چوراہا میں اپنی کامیابی کو ظاہر کرنے کے لیے لگایا۔ کسی نے اس کی تصویر لے کر سوشل میڈیا گروپ پر پوسٹ کر دی۔
حجاب اور مذہب سے متعلق مختلف تبصرے ہوئے۔ یہ معاملہ نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس تک پہنچا۔ کمیشن کی چیئرمین پرینکا کاننگو نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ کیا۔ انتظامیہ نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
یہ معاملہ بدھ کو بھڑک اٹھا اور وزیر داخلہ نروتم مشرا نے دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا۔ تنازعہ کے بعد بدھ کو اس پوسٹر کو چوراہے سے ہٹا دیا گیا۔ اسکول اس چوراہے کے بالکل قریب ہے جہاں یہ پوسٹر لگایا گیا تھا۔
طالبہ کی ماں لیلاوتی ساہو کا کہنا ہے کہ ایک یونیفارم ہے، جسے ان کی بیٹی دوسرے بچوں کی طرح پہن کر اسکول جاتی ہے۔ اسکول میں کوئی مذہبی پروپیگنڈہ نہیں ہے۔
اسکول کے ڈائریکٹر ادریس خان کا کہنا ہے کہ جسے حجاب کہا جا رہا ہے وہ اسکارف ہے۔ اسکول کا ڈریس کوڈ ہے، اس لیے تمام بچے کپڑے پہن کر آتے ہیں اور بچوں کے والدین کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
اقبال کا نغمہ ایک دعا ہے جو بچے اپنے لیے بناتے ہیں۔ اس اسکول کو اقلیتی کوٹہ کے ساتھ تسلیم کیا جاتا ہے، جس میں صرف ایک مخصوص مذہب کے بچے ہی پڑھ سکتے ہیں، لیکن وہ اپنے اسکول میں تمام مذاہب کے بچوں کو داخلہ دیتے ہیں۔ یہ سکول 2010 سے چل رہا ہے۔
گنگا جمنا اسکول کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن شیو دیال دوبے کہتے ہیں کہ ہمارے کچھ بچوں نے ضلع میں بھی ٹاپ کیا ہے۔ جن کے پاس کوئی کام نہیں، انہیں یہ ایک کام مل گیا ہے۔
دموہ کے کلکٹر میانک اگروال نے بتایا کہ معاملے کی اطلاع ملتے ہی ہم نے کوتوالی ٹی آئی اور کچھ افسران پر مشتمل ایک ٹیم بنائی تھی، جس نے پورے معاملے کی جانچ کی۔ والدین سے بات کی۔ اسکول انتظامیہ سے بات چیت بھی ہوئی لیکن تبدیلی کا معاملہ سامنے نہیں آیا۔