وزیر اعظم نریندرمودی کو مصر کا اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز

تازہ خبر عالمی

وزیر اعظم نریندرمودی کو مصر کا اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز
صدر  عبدالفتاح السیسی نے آرڈر آف دی نیل سے نوازا

قاہرہ:۔25؍جون
(زین نیوز ورلڈ ڈیسک)
دو روزہ دورے پر مصر پہنچنے والے پی ایم مودی نے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ عبدالفتاح السیسی سیسی نے انہیں مصر کا اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز ‘آرڈر آف دی نیل سے نوازا۔انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔

مصر میں اسے ‘کلادت النیل’ کہا جاتا ہے۔ اس کا آغاز 1915 میں سلطان حسین کامل نے کیا تھا۔ یہ ایوارڈ ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملک کی خدمت میں اہم کردار ادا کیا ہو۔

مصر 1953 میں جمہوریہ بنا اور اس کے بعد ‘آرڈر آف دی نیل’ کو ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز کا درجہ دیا گیا۔ اس میں لفظ نیل کا تعلق دراصل دریائے نیل سے ہے۔ اس ایوارڈ کی چار کیٹیگریز ہیں

 1997 کے بعد پہلی بار کوئی ہندوستانی وزیر اعظم مصر پہنچے ۔ مودی نے یہاں ہندوستانی نژاد لوگوں سے ملاقات کی۔

قاہرہ کے ہوٹل پہنچنے پر ہندوستانی برادری نے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران وندے ماترم اور مودی مودی کے نعرے بھی لگائے گئے۔ ساڑھی میں ملبوس ایک مصری خاتون ڈیجینا نے فلم شعلے کا گانا ‘یہ دوستی ہم نہیں چھوڑیں گے۔گایا

مودی اس وقت حیران رہ گئے جب خاتون نے انکشاف کیا کہ وہ ہندی بہت کم جانتی ہیں اور کبھی ہندوستان نہیں آئی تھیں۔ مودی نے خاتون سے کہا- کسی کو پتہ بھی نہیں چلے گا کہ تم مصر کی بیٹی ہو یا ہندوستان کی بیٹی۔

اس سے پہلے پی ایم مودی نے 11ویں صدی کی الحکیم مسجد کا دورہ کیا۔ اسےہندوستان کی بوہرہ برادری کی مدد سے دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے ہیلیو پولیس یادگار کا بھی دورہ کیا۔ یہاں انہوں نے پہلی جنگ عظیم میں شہید ہونے والے ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ یادگار کامن ویلتھ نے تعمیر کی ہے۔ یہ 3,799 ہندوستانی فوجیوں کے لئے وقف ہے جنہوں نے پہلی جنگ عظیم کے دوران مصر میں اپنی جانیں گنوائیں۔

مودی مصری وزیر اعظم کے ساتھ اہرام دیکھنے بھی گئے۔ یہ اہرام دنیا کے سات عجوبوں میں شامل ہیں۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک مودی نے ان اہراموں کے بارے میں دریافت کیا۔

مصر میں ہندوستان کے سفیر اجیت گپتے نے کہا کہ ہندوستان اور مصر کے درمیان تجارتی تعلقات چار ہزار سال پرانے ہیں۔ پی ایم مودی کے اس دورے سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ہفتہ کو، پی ایم مودی نے مصری وزیر اعظم مدبولی کی قیادت میں مصری کابینہ کی انڈیا یونٹ کے ساتھ گول میز مباحثے میں بھی حصہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے قاہرہ میں ہندوستانی تارکین وطن بوہرہ برادری کے ارکان اور یوگا ٹیچر ریم جبک اور ندا عادل سے ملاقات کی۔