بنگلورو میں اغوا کی لائیو ویڈیو شوٹ: سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے پولیس کو مطلع کیا ۔چار گرفتار

بین الریاستی تازہ خبر

بنگلورو میں اغوا کی لائیو ویڈیو شوٹ: سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے پولیس کو مطلع کیا ۔چار گرفتار

بنگلورو:۔16؍جولائی
(زین نیوز ڈیسک)
بنگلورو میںایک شخص نے اغوا کی لائیو ویڈیو ریکارڈ کرکے مجرموں کو پکڑ لیا۔ اس شخص نے ٹوئٹر پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے پولیس کو ٹیگ کیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آگئی اور ٹیم نے گاڑی کے نمبر کی بنیاد پر اغوا کاروں کی شناخت کرلی۔ 12 گھنٹے کے اندر چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

یہ معاملہ 15 جولائی کا ہے۔ وجے ڈینس نام کا ایک شخص ایچ ایس آر لے آؤٹ علاقے میں ہینگ اوور پب کے قریب اپنی کار میں بیٹھا تھا۔ رات تقریباً 12 بجے کچھ لوگ پب سے باہر آئے اور ایک شخص کی پٹائی شروع کر دی۔

حملہ کرنے کے بعد ملزمان نے متاثرہ کو گاڑی میں بٹھایا اور فرار ہوگئے۔ یہ پورا واقعہ وجے نے اپنے کیمرے میں ریکارڈ کر لیا۔ آدھے گھنٹے کے بعد وجے نے ٹویٹر پر کرناٹک کے ڈی جی پی اور دیگر عہدیداروں کو ٹیگ کرتے ہوئے ویڈیو پوسٹ کیا۔

 

ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس نے چار افراد کو پکڑ لیا ، پولیس ٹیم حرکت میں آگئی۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان کی شناخت جناردھن، مدھوسودن، یوگیشور اور آنند بابو کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ اور ملزم دوست تھے اور ان کا پیسوں کے لین دین پر جھگڑا تھا۔ تاہم ملزمان نے متاثرہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

ویڈیو کے ٹوئٹ ہونے کے فوراً بعد، ڈپٹی کمشنر آف پولیس، بنگلورو (ایسٹ) سی کے بابا نے کہا، اس واقعے پر فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔