جسٹس آلوک ارادے نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیا۔
حیدرآباد: ۔23؍جولائی
(زین نیوز)
جسٹس آلوک ارادے نے اتوار کو تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیا۔آلوک ارادے جو پہلے کرناٹک ہائی کورٹ کے جج تھےکو یہاں راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں گورنر تاملیسائی سوندرراجن نے عہدے کا حلف دلایا۔اس موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے کابینہ کے کچھ ساتھی موجود تھے۔
ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے 18 جولائی کو صدر ہند دروپدی مرمو کے جاری کردہ وارنٹ کو پڑھ کر سنایا، جس میں کرناٹک ہائی کورٹ کے جج جسٹس آلوک ارادے کو تلنگانہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔جسٹس آلوک ارادےجسٹس اجل بھویان کی جگہ لیں گےجنہیں سپریم کورٹ کے جج کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔
جسٹس ارادے کو 2009 میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا تھااور 15 فروری 2011 کو مستقل جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ 2016 میں ان کا جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں تبادلہ کر دیا گیا تھا۔ انھوں نے وہاں مختصر وقت کے لیے قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
2018 میں، ان کا تبادلہ کرناٹک ہائی کورٹ میں کیا گیا تھا۔ جولائی سے اکتوبر 2022 تک جسٹس ارادے کرناٹک ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس تھے۔ اپریل 2026 تک ہائی کورٹ کے جج کے طور پر ان کی میعاد ہے
13 اپریل 1964 کو رائے پور میں پیدا ہوئے آلوک ارادےنے 12 جولائی 1988 کو بطور وکیل داخلہ لیا۔ انھوںنے جبل پور میں مدھیہ پردیش کے ہائی کورٹ میں دیوانی اور آئینی، ثالثی اور کمپنی کے معاملات سے نمٹنے کے لیے پریکٹس کی۔