سکریٹریٹ مساجد کی تعمیر کا سنگ بنیاد ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر ملتوی

بین الریاستی تازہ خبر

تلنگانہ حکومت اپنے وعدہ پر عمل کےلیے پابندعہد
حیدرآباد۔22/فروری
نمائندہ خصوصی
وزیر داخلہ الحاج محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت نے سکریٹریٹ مساجد کی تعمیر کا سنگ بنیاد26 فروری کو رکھنےکا جو وعدہ کیا گیاتھا اسے ایم ایل سی حلقہ گرایجوٹ انتخابات کی وجہ سے ملتوی کیاجارہا ہے۔ آج یہاں جاری کردہ صحافتی اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اپنے وعدہ پر عمل کےلیے پابندعہد ہے۔چیف منسٹر مسٹر کےچندرا شیکھر راؤابتداء سے کہہ رہے ہیں کہ سکریٹریٹ کی مساجد کی عالیشان طور پرتعمیر کی جائے گا اور اس کی ذمہ داری مسلم کمیٹی کو دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مسجد کےامام کے قیام کے لیے ایک کمرہ بھی بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ سکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر ات کا کام شروع ہوچکا ہے۔ 26 فروری کو مساجد کا سنگ بنیاد رکھنے کے انتظامات کئے جاچکے تھے ۔مگر ایلکشن کوڈکے دوران مساجد کے سنگ بنیاد سے ایلکشن کوڈ کی خلاف ورزی ہوگی، اس لئے اس عمل کو ایلکشن کوڈ کے اختتام تک ملتوی کیا گیا ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ایلکشن کے فوری بعدعلمائے کرام اور سیاسی قائدین کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں سنگ بنیاد کی نئی تاریخ طئے کی جائے گی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد کا افتتاح کیا جائے گااور میناروں سے اذان کی آواز یں بلند ہونگی۔ ساتھ ہی ساتھ مندر اور گرجا گھر (چرچ) کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ محمد محمود علی نے کہا کہ کے سی آر ایک سیکولر لیڈر ہیں جو تمام مذاہب کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ سکریٹریٹ کی مساجد تعمیر کرنے کا جو وعدہ انہوں نے کیا ہے اس کو ضرور بہ ضرور پورا کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے تلنگانہ عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ کے سی آر کے بھروسہ پر یقین رکھیں، دور اندیشی اور صبر سے کام لیں،کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔وزیر داخلہ نے آخر میں کہا کہ سکریٹریٹ کی مساجد سکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل تعمیر کی جائے گی۔