G-20-summit-new-delhi

دہلی میں جاری G20 سربراہی اجلاس کے پہلے ہی دن مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق

تازہ خبر قومی

دہلی میں جاری G20 سربراہی اجلاس کے پہلے ہی دن مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق
پی ایم مودی نے جی 20 لیڈروں کے ساتھ گلوبل بائیو فیول الائنس کا آغاز کیا
ہندوستان کی G20 صدارت ملک کے اندر اور باہر شمولیت کی علامت بن گئی ہے۔وزیر اعظم مودی

نئی دہلی:۔9؍ستمبر
(زین نیوز)
نئی دہلی میں دہلی کے پرگتی میدان میں بھارت منڈپم کنونشن سینٹر میں جاری G20 سربراہی اجلاس کے پہلے ہی دن ایک مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ہندوستان کی G20 صدارت کے لیے ایک بڑی جیت میںایک اتفاق رائے ہو گیا اور میگا سمٹ میں دہلی اعلامیہ کو اپنا لیا گیا ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے قبل ازیں "عالمی اعتماد کے خسارے” کو اعتماد کے رشتے میں تبدیل کرنے پر زور دیا تھا کیونکہ انہوں نے دہلی میں G20 سربراہی اجلاس میں عالمی رہنماؤں کا خیرمقدم کیا تھا۔پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان کی G20 صدارت ملک کے اندر اور باہر شمولیت کی علامت بن گئی ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سال کی G20 چوٹی کانفرنس کا تھیم جو ہندوستان کی صدارت میں ہو رہا ہے، "واسودھائیو کٹمبکم” یا "ایک زمین۔ ایک خاندان۔ایک مستقبل” ہے جو مہا اپنشد کے قدیم سنسکرت متن سے اخذ کیا گیا ہے

وزیر اعظم مودی نے ہفتہ کو دوسرے اجلاس کے آغاز میں اسپیکر کی حیثیت سے یہ جانکاری دی۔ اس کے بعد انہوں نے تمام رکن ممالک کی رضامندی سے نئی دہلی اعلامیہ پاس کیا۔

اعلامیہ منظور کرنے کے بعد وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ تمام ممالک نے نئی دہلی اعلامیہ کو قبول کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام لیڈروں نے قبول کیا ہے کہ جی 20 سیاسی مسائل پر بات کرنے کا پلیٹ فارم نہیں ہے۔ سب نے معیشت سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس منشور میں 4 بار یوکرین جنگ کا ذکر کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ ہمیں صدارتی عہدہ مشکل وقت میں ملا۔ G20 کا مشترکہ اعلامیہ 37 صفحات پر مشتمل ہے۔ اس میں کل 83 پیراگراف ہیں۔ اسے نئی دہلی اعلامیہ کہا گیا ہے۔

تمام ممالک پائیدار ترقی کے اہداف پر کام کریں گے۔ ہندوستان کی پہل پر ون فیوچر الائنس قائم کیا جائے گا۔
تمام ممالک کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے قواعد کے مطابق کام کرنا چاہیے۔
بائیو فیول الائنس بنایا جائے گا۔ اس کے بانی ممبران ہندوستان، امریکہ اور برازیل ہوں گے۔
افریقی یونین اب اس بلاک کا مستقل رکن بن گیا ہے
کثیر الجہتی ترقیاتی بینکوں کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہیں بہتر، بڑا اور زیادہ موثر بنایا جائے گا۔
گلوبل ساؤتھ کی ترجیحات پر زور دیا جائے گا۔
کرپٹو کرنسی کے حوالے سے عالمی پالیسی بنانے کے لیے بات چیت ہوگی۔
ہندوستان نے قرضوں کے حوالے سے بہتر نظام بنانے کے لیے مشترکہ فریم ورک بنانے پر زور دیا ہے۔
دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں کو فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
گرین اور لو کاربن انرجی ٹیکنالوجی پر کام کیا جائے گا۔
تمام ممالک نے ہر قسم کی دہشت گردی پر تنقید کی ہے۔ دہشت گردی کا ذکر 9 مرتبہ ہوا

جی 20 سربراہی اجلاس کے پہلے اجلاس میں ہندوستان نے افریقی یونین کو جی 20 کا مستقل رکن بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔

جیسے ہی پی ایم مودی نے صدر کے طور پر تمام ممالک کی رضامندی سے اسے منظور کیا، افریقی یونین کے سربراہ اجلی اسومانی نے جاکر پی ایم مودی کو گلے لگایا۔ ہندوستان کی تجویز کی چین اور یورپی یونین نے بھی حمایت کی۔ افریقہ کے 55 ممالک یونین میں رکنیت حاصل کرنے سے مستفید ہوں گے

مودی نے کہاکہ دنیا میں اعتماد کا بحران پیدا ہوا ہے۔اپنی افتتاحی تقریر میں پی ایم نے مراکش کے زلزلے میں مارے گئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مراکش کے عوام کے دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے بعد دنیا میں اعتماد کا بحران پیدا ہوا ہے۔ جنگ نے اس بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ جب ہم کورونا کو شکست دے سکتے ہیں تو باہمی بات چیت کے ذریعے اعتماد کے اس بحران پر بھی قابو پا سکتے ہیں۔ یہ وقت سب کے ساتھ مل کر چلنے کا ہے

وزیر اعظم نے کہاکہ آج ہم جس جگہ جمع ہوئے ہیں اس سے چند کلومیٹر دور ایک ڈھائی ہزار سال پرانا ستون ہے۔ اس پر پراکرت زبان میں لکھا ہے کہ انسانیت کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ یقینی بنایا جائے۔

ڈھائی ہزار سال پہلے ہندوستان کی سرزمین نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا تھا۔ 21ویں صدی کا یہ وقت پوری دنیا کو ایک نئی سمت دینے والا ہے۔

وزیر اعظم نے غیر ملکی مہمانوں کا استقبال کیا۔ہفتہ کی صبح وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت منڈپم پہنچنے والے غیر ملکی سربراہان مملکت کا استقبال کیا۔

انہوں نے برطانوی وزیر اعظم رشی سنک کو گلے لگایا اور امریکی صدر جو بائیڈن کو بھارت منڈپم میں بنائے گئے کونارک چکر کے بارے میں آگاہ کیا۔