وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکوریٹی میں کوتاہی
وارانسی میں نوجوان نے قافلے کے سامنے چھلانگ لگادی
وارانسی:۔23؍ستمبر
(زین نیوز ڈیسک)
وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکوریٹی میں بڑی کوتاہی ہو گئی۔ یہ واقعہ وارانسی میں گزشتہ شام رودرکش سینٹر کے باہر پیش آیا۔ جس وقت وزیر اعظم نریندر مودی یہاں سے ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اسی دوران ان کے قافلے کے آگے ایک نوجوان نے چھلانگ لگا دی۔ وہ پی ایم کی گاڑی سے بمشکل 10 فٹ کے فاصلے پر تھے۔ پولیس والوں نے بھاگ کر اسے پکڑ لیا۔ ایس پی جی اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
نوجوان بی جے پی کا کارکن بتایا جاتا ہے۔ غازی پور ضلع کا رہنے والا ہے۔ وہ فوج میں ملازمت کے مطالبے کے حوالے سے وزیر اعظم سے ملنا چاہتے تھے۔ تاہم ابھی تک اس کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ نوجوان کے پاسپورٹ سے بی جے پی صدر جے پی نڈا کے پروگرام کا شناختی کارڈ برآمد ہوا ہے۔
اس سے پہلے کاشی میں 6 گھنٹے کے قیام کے دوران پی ایم مودی نے 3 پروگراموں میں حصہ لیا۔ سب سے پہلے انہوں نے 450 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس پروگرام میں کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر، سنیل گواسکر، دلیپ وینگسرکر بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اس دوران سچن نے پی ایم مودی کو ایک جرسی بھی پیش کی جس پر نمو لکھا ہوا تھا۔