Israel-palestine-war

جنگ دوبارہ شروع ہونے سے 8 منٹ قبل جنگ بندی میں توسیع

تازہ خبر عالمی
جنگ دوبارہ شروع ہونے سے 8 منٹ قبل جنگ بندی میں توسیع
 فلسطینی کارکن احد تمیمی کو اسرائیلی جیل سے رہا کر دیا گیا۔حماس  یرغمالیوں کو رہا کرے گا۔
تل ابیب:۔30؍نومبر
(زین نیوز ورلڈ ڈیسک)
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ختم ہونے سے 8 منٹ پہلے، یعنی صبح 10:22 بجے (ہندوستانی وقت) اس میں 1 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔
 اسرائیل اور قطر کے حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق حماس نے آج رہا کیے جانے والے 10 یرغمالیوں کی فہرست دی ہے جس کی اسرائیل نے منظوری دے دی ہے۔
جنگ بندی کے تحت حماس روزانہ 10 یرغمالیوں کو رہا کرے گی۔ بدلے میں اسرائیل 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کی دیگر شرائط پر ابھی بات چیت جاری ہے۔
قبل ازیں ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق جنگ بندی کے چھٹے دن حماس نے 5 بچوں سمیت مجموعی طور پر 16 افراد کو رہا کیا۔ پہلی دو روسی اسرائیلی خواتین کو رہا کیا گیا۔ بعد ازاں 10 اسرائیلی اور 4 تھائی شہریوں کو رہا کر دیا گیا۔ آئی ڈی ایف کے مطابق حماس کے پاس اب تقریباً 159 یرغمالی رہ گئے ہیں۔
بدلے میں اسرائیل نے بھی تقریباً 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔ اس میں 22 سالہ فلسطینی کارکن احد تمیمی بھی شامل تھی جس نے اسرائیلیوں کا خون پینے کی دھمکی دی تھی۔
دریں اثناء غزہ کی صورتحال بہتر نہیں ہو رہی۔ جنگ کی وجہ سے غزہ میں انسانی بحران ہے۔ یہاں لوگوں کے پاس رہنے کے لیے گھر نہیں ہیں۔ وہ سڑکوں پر سونے پر مجبور ہیں۔ یہاں تک کہ خوراک اور پانی کا حصول مشکل ہے۔
جنگ بندی کے دوران ٹرک امدادی سامان لے کر پہنچ رہے ہیں لیکن لوگوں کو یہ سامان لینے کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ بی بی سی کے مطابق سیکڑوں لوگ تین دن سے کھانا پکانے کی گیس کے حصول کے لیے لائنوں میں کھڑے ہیں۔
حماس نے کہاکہ اسرائیلی بمباری میں 3 قیدی مارے گئے۔الجزیرہ کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں 3 قیدی مارے گئے۔ ان میں 10 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔
 حماس نے کہاکہ 10 ماہ کا کفیر بیبس، اس کا 4 سالہ بھائی اور ماں اسرائیلی بمباری سے مارے گئے۔ فی الحال اسرائیل نے اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔