Culcata high court

ممتا بنرجی حکومت کو کلکتہ ہائی کورٹ کابڑا جھٹکا 

تازہ خبر
ممتا بنرجی حکومت کو کلکتہ ہائی کورٹ کابڑا جھٹکا 
پانچ لاکھ او بی سی سرٹیفکیٹ منسوخ۔ سرٹیفکیٹ جاری کرنا غیر آئینی ۔ ہائی کورٹ
کولکتہ:۔ 22؍مئی
(زین نیوز ڈیسک)
کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ ان کے دور میں جاری کیے گئے تقریباً پانچ لاکھ او بی سی سرٹیفکیٹ منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس تعداد کا ایک بڑا حصہ مسلم کمیونٹی کا بھی ہے۔
بدھ کو جسٹس تپوبرتا چکرورتی اور جسٹس راج شیکھر منتھر کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ 2011 سے ریاست میں او بی سی سرٹیفکیٹ بغیر کسی معیاری اصول کے جاری کیے جا رہے ہیں۔
بنچ نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح سے او بی سی سرٹیفکیٹ جاری کرنا غیر آئینی ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ سرٹیفکیٹ پسماندہ طبقات کمیشن کے مشورہ پر عمل کیے بغیر جاری کیے گئے ہیں، اس لیے ان تمام سرٹیفکیٹس کو منسوخ کیا جاتا ہے۔
تاہم، عدالت نے کہا کہ جن لوگوں کو اس مدت کے دوران جاری کردہ سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر ملازمت ملی ہے وہ اپنی ملازمت برقرار رکھیں گے۔
کلکتہ ہائی کورٹ میں جسٹس تپبرتا چکرورتی اور راج شیکھر منتھا کی ڈویژن بنچ نے بدھ کو ایک پی آئی ایل کی سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ دیا۔ اس پی آئی ایل میں او بی سی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
 اس معاملے میں، عدالت نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ او بی سی سرٹیفکیٹ صرف 1993 کے ایکٹ کے تحت بنائے گئے مغربی بنگال پسماندہ کمیشن کے ذریعہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق بنائے جائیں۔
مئی 2011 میں مغربی بنگال میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ ان کی حکومت نے تقریباً تمام مسلمانوں کو او بی سی زمرہ میں شامل کر لیا ہے اور مسلم کمیونٹی کی ایک بڑی آبادی اس ریزرویشن کا فائدہ اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران بھی اس بات کو بارہا دہرایا ہے لیکن اب کلکتہ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ ممتا بنرجی کی حکومت نے 2011 سے جس عمل کے تحت او بی سی سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے وہ غیر قانونی تھا۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ او بی سی کی فہرست پسماندہ طبقات کمیشن ایکٹ 1993 کے مطابق تیار کی جائے۔ فہرست میں صرف وہی ذاتیں شامل کی جا سکتی ہیں جو 2010 تک او بی سی برادری سے تعلق رکھتی تھیں۔ عدالت نے کہا کہ اس کے بعد فہرست میں شامل ذاتوں کو پہلے اسمبلی میں پاس کرایا جائے۔
ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بی جے پی لیڈر امیت مالویہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرکے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ممتا بنرجی کی خوشامد کی سیاست کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے او بی سی ذیلی زمرہ میں مسلمانوں کے ریزرویشن کو ختم کر دیا ہے۔
 اس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ نے 2010 سے 2024 کے درمیان جاری تمام او بی سی سرٹیفکیٹس کو بھی منسوخ کر دیا ہے۔ اس مدت کے دوران، اگر داخلہ لینے والے اپنی ملازمت برقرار رکھنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تو وہ کسی اور مراعات کے حقدار نہیں ہوں گے۔