صدر کی منظوری کے بعد وقف بل قانون بن گیا
قانون سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن جاری
نئی دہلی :۔6؍اپریل
(زین نیوز ڈیسک)
صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے ہفتہ کی دیر رات وقف (ترمیمی) بل کو اپنی منظوری دے دی۔ حکومت نے نئے قانون سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اب مرکزی حکومت نئے قانون کے نفاذ کی تاریخ کے حوالے سے علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ بل (اب قانون) لوک سبھا میں 2 اپریل کو اور راجیہ سبھا میں 3 اپریل کو 12 گھنٹے کی بحث کے بعد منظور ہوا تھا۔
کانگریس ایم پی محمد جاوید، اے آئی ایم آئی ایم کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی اور اے اے پی ایم ایل اے امانت اللہ خان نے سپریم کورٹ میں الگ الگ درخواستوں میں نئے قانون کو چیلنج کیا ہے۔ ان درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ وقف ترمیمی قانون مسلم کمیونٹی کے ساتھ امتیازی سلوک کرتا ہے۔ یہ ایکٹ مسلمانوں کے بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی کرتا ہے۔
اس پر مرکزی وزیر رجیجو نے کہا کہ اس قانون کا مقصد وقف املاک میں امتیازی سلوک، غلط استعمال اور تجاوزات کو روکنا ہے۔ اس بل (اب قانون) کی راجیہ سبھا میں 128 ارکان نے حمایت کی، جب کہ 95 نے اس کی مخالفت کی۔ 2 اپریل کو دیر رات لوک سبھا میں اسے پاس کیا گیا۔ اس دوران 288 ارکان پارلیمنٹ نے حمایت میں اور 232 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے ہفتہ کی شام وقف بل کی مخالفت میں دو صفحات کا خط جاری کیا۔ AIMPLB نے کہا کہ ہم تمام مذہبی، کمیونٹی پر مبنی اور سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ ترامیم کو مکمل طور پر منسوخ نہیں کیا جاتا۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہاکہ وقف ترمیمی بل اسلامی اقدار، مذہب اور شریعت، مذہبی اور ثقافتی آزادی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ہندوستانی آئین کے بنیادی ڈھانچے پر سنگین حملہ ہے۔ کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو دی جانے والی حمایت نے ان کا نام نہاد سیکولر نقاب پوری طرح سے بے نقاب کر دیا