Panchyath Secretary CM

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی تصویر سے جعلی حاضری کی کوشش، پنچایت سیکریٹری معطل 

تازہ خبر تلنگانہ
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی تصویر سے جعلی حاضری کی کوشش، پنچایت سیکریٹری معطل 
فیشل ریکگنیشن سسٹم کے انکشاف سے جگتیال میں ہلچل، کلکٹر جگتیال کی فوری کارروائی 
جگتیال:۔یکم؍اگسٹ
( زین نیوز)
ریاست میں سرکاری ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کے لیے نافذ کردہ فیشل ریکگنیشن موبائل ایپ ( چہرہ شناخت کرنے والا نظام )کے غلط استعمال کا ایک حیران کن واقعہ جگتیال ضلع میں منظرِ عام پر آیا ہے۔
جگتیال ضلع کے بگارام منڈل کے چندرایاپلی گرام پنچایت کے سیکریٹری راجَنّا نے روزانہ اپنی اصل حاضری دینے کے بجائے، وزیراعلیٰ ریوَنت ریڈی کی تصویر ایپ پر اپ لوڈ کر کے فرضی حاضری درج کی۔ واقعہ کا انکشاف فیشل ریکگنیشن سسٹم کے ذریعے نگرانی کے دوران ہواجس کے بعد متعلقہ حکام نے فوری تحقیقات کیں۔
تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی حاضری کو درست رکھنے کے لیے موبائل ایپ میں فیشل ریکگنیشن سسٹم متعارف کرایا، تاکہ ہر ملازم اپنی حاضری اپنے اصل چہرے کی تصویر کے ذریعے ہی درج کروا سکے۔یہ نظام انگلیوں کے نشان آئی ڈی کارڈ کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور مستند سمجھا جاتا ہے۔
ریاست بھر میں کچھ ملازمین کی جانب سے ایک ہی تصویر کو بار بار اپ لوڈ کرنے کی شکایات پر جب تفصیلی جانچ کی گئی تو پتہ چلا کہ کئی پنچایتی سیکریٹریز اپنے اسسٹنٹس کے ذریعے پاسپورٹ فوٹوز اور موبائل فونز دے کر فرضی طور پر حاضری درج کروا رہے تھے۔چندرایاپلی واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جگتیال ضلع کلکٹر بی۔ستیہ پرساد نے پنچایتی سیکریٹری راجَنّا کو فوری اثر کے ساتھ معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیشل ریکگنیشن سسٹم کا مقصد ملازمین کی اصل موجودگی کو یقینی بنانا ہے اور اس کے غلط استعمال پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کی توقع ہے۔ اس واقع پر ضلع جگتیال کے سرکاری ملازمین میں ہلچل مچادی ہے