جگتیال میں کانگریس قائدین کی پولیس میں شکایت
سوشل میڈیا پر سینئر لیڈر جیون ریڈی کے نام سے جھوٹی خبر پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
جگتیال:۔ 7؍ اگست
(نمائندہ زین نیوز)
کانگریس قائدین نے آج جگتیال ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ایک رسمی شکایت درج کرواتے ہوئے سوشل میڈیا پر کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر ٹی جیون ریڈی کے خلاف گمراہ کن اور جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق، بی آر ایس پارٹی کے سابق رکن اسمبلی ای۔ جیون ریڈی (آرمور) کی جانب سے 5 اگست کو جاری کردہ ایک پریس نوٹ پر مبنی خبر ایک معروف انگریزی روزنامہ "ہنس انڈیا” کی ویب سائٹ پر شائع ہوئی۔
تاہم، بعض شرپسند عناصر نے اس خبر کو دانستہ طور پر بدنیتی کے ساتھ مسخ کرتے ہوئے اسے جگتیال سے تعلق رکھنے والے سینئر کانگریس رہنما ٹی جیون ریڈی سے جوڑ دیا اور ان کی تصویر استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبر کو وائرل کر دیا۔
کانگریس قائدین نے اس مذموم حرکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے سابق وزیر کی شہرت اور وقار کو ٹھیس پہنچی ہے، جو قابل مذمت ہے۔یہ سب کچھ ٹی جیون ریڈی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور پارٹی میں ان کے مضبوط کردار سے خوفزدہ مخالفین کی گھبراہٹ کا نتیجہ ہے، جو انہیں عوام اور پارٹی کے درمیان بدنام کرنے کے لیے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
قائدین نے کہا کہ ٹی جیون ریڈی نہ صرف ایک سینئر لیڈر بلکہ ایک مقبول عوامی شخصیت ہیں جن کا تعلق زمینی سیاست سے ہے اور جو ہمیشہ عوامی مسائل کے لیے سرگرم رہے ہیں۔ ایسی جھوٹی اور گمراہ کن مہم ان کی ساکھ کو متاثر نہیں کر سکتی۔
اس موقع پر پی سی سی سکریٹری بنڈ اشنکر گنڈ امدھو‘ کے درگیا‘ گاجولہ راجندر‘ عبدالباری مجاہد‘ محمدمکثر علی نہال‘ محمد عرفان‘کلیرو ناگیندر‘ راپلے ہری کرشنا‘ راگھو ‘ موگلی‘ سوامی ریڈی ،پلی رامو‘ نکہ جیون‘ پرکاش‘ راچرلہ ہریش‘ اور کانگریسی کارکنان، یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے کانگریسی رہنما بھی موجود تھے۔
جنہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ جعلی خبر( فیک نیوز) پھیلانے والوں کی فوری شناخت کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔شکایت کو ٹاؤن سرکل انسپکٹر پی۔ کروناکر نے وصول کیا اور یقین دہانی کروائی کہ پولیس اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ٹاؤن سرکل انسپکٹر پی۔ کروناکر نے وصول کیا اور مناسب کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔قبل ازیں کانگریس قائدین نے اندرا بھون (سابق وزیر کی رہائش گاہ) سے ٹاؤن پولیس اسٹیشن تک ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی