IND Vs PAK

ایشیا کپ 2025: سپر فور مرحلے میں آج  ہندوستان اور پاکستان کا بڑا مقابلہ

تازہ خبر کھیل
ایشیا کپ 2025: سپر فور مرحلے میں آج  ہندوستان اور پاکستان کا بڑا مقابلہ
دبئی: 21؍ستمبر
 (انٹرنیٹ ڈیسک)
ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں آج سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا جبکہ ٹاس شام 7:30 بجے ہوگا۔ اس اہم مقابلے کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ ہوں گے۔
گروپ مرحلے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کے دوران ہندوستانی کھلاڑیوں نے پہلگام حملے کے احتجاج میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شکایت میچ ریفری اور پھر آئی سی سی تک پہنچائی۔ پی سی بی نے پائیکرافٹ کو ٹورنامنٹ سے ہٹانے یا کم از کم پاکستان کے میچوں سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم آئی سی سی نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا۔
 احتجاجاً پاکستان نے گزشتہ روز میچ سے قبل پریس کانفرنس بھی منسوخ کر دی۔ہندوستان نے ایشیا کپ میں مسلسل تین فتوحات کے ساتھ ہیٹ ٹرک مکمل کی ہے لیکن بیٹنگ لائن اب تک توقعات پر پوری نہیں اتری۔
تین میچوں کے بعد بھی کوئی ہندوستانی بلے باز 100 رنز مکمل نہیں کر سکا۔ اوپنر ابھیشیک شرما نے سب سے زیادہ 99 رنز بنائے ہیں، جبکہ نائب کپتان شبمن گل محض 35 رنز بنا سکے۔ سنجو سیمسن نے ایک اننگز میں 56 رنز بنا کر بہتر کارکردگی دکھائی
۔ٹیم انتظامیہ شبمن گل کو نائب کپتانی کے باعث ایک اور موقع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ہندوستان کے ممکنہ اوپنر ابھیشیک شرما اور شبمن گل ہوں گے، جبکہ کپتان سوریا کمار یادیو تیسرے اور تلک ورما چوتھے نمبر پر آئیں گے۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا، سنجو سیمسن اور شیوم دوبے بیٹنگ کے لیے اتریں گے۔
آل راؤنڈر اکسر پٹیل انجری کے باعث مشکوک ہیں۔ اگر وہ نہ کھیل سکے تو ہرشیت رانا یا ارشدیپ سنگھ کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ عمان کے خلاف آرام کے بعد آج واپس پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
ہندوستان کا ممکنہ پلیئنگ 11:ابھیشیک شرما، شبمن گل، سوریا کمار یادیو (کپتان)، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، سنجو سیمسن، اکسر پٹیل/ہرشیت رانا، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ
پاکستان اس مقابلے کو اپنی ساکھ اور معیار کے امتحان کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ گروپ مرحلے میں ہندوستان نے پاکستان کو یکطرفہ انداز میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اوپنر صائم ایوب مسلسل تین میچوں میں صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں لیکن آخری میچ میں بولنگ میں اچھی کارکردگی (3 وکٹیں) کے باعث ایک اور موقع مل سکتا ہے۔
 صاحبزادہ فرحان ان کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔ فخر زمان بھی متبادل اوپنر کے طور پر موجود ہیں۔پاکستان نے گزشتہ میچ میں خوشدل شاہ اور حارث رؤف کو شامل کیا تھا، اور امکان ہے کہ یہ دونوں آج بھی پلیئنگ الیون میں ہوں گے۔
پاکستان کا ممکنہ پلیئنگ 11:صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان), حسن نواز, خوشدل شاہ, محمد حارث, محمد نواز, شاہین شاہ آفریدی, حارث رؤف اور ابرار احمد۔
دبئی میں پاکستان-ہندوستان کا ریکارڈاب تک دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور ہندوستان چار بار ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں، اور دونوں ٹیموں نے دو دو میچ جیتے ہیں۔
2021 ورلڈ کپ میں پاکستان نے ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔2022 ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا۔موجودہ ایشیا کپ کے گروپ میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دبئی میں کھیلے گئے چاروں پاک-ہندوستان مقابلوں میں وہی ٹیم کامیاب رہی ہے جو ہدف کا تعاقب کر رہی تھی