جگتیال کے ایک اسکول میں مبینہ کالے جادو کی پوجا، طلبہ اور اساتذہ خوفزدہ
جگتیال:۔4؍اکتوبر
(زین نیوز)
جگتیال کے دھروُر کیمپ سرکاری اسکول میں مبینہ طور پر کالے جادو کی پوجا کیے جانے کے انکشاف پر علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ دسہرہ کی تعطیلات کے بعد اسکول کے دوبارہ کھلنے کے پہلے ہی دن یہ واقعہ سامنے آنے سے اساتذہ اور طلبہ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، جب اسکول کا عملہ پیر کی صبح اسکول کو کھولنے آیا تو برآمدے میں رنگولی کے نشانات دیکھے گئے جن پر ہلدی اور کُنگُم (سندور) چھڑکا گیا تھا جبکہ ایک دیا بھی جلایا گیا تھا۔۔ اس واقعہ نے اساتذہ اور طلبہ کو حیرت اور خوف میں مبتلا کردیا۔اس غیر معمولی منظر کو دیکھتے ہی عملے نے فوری طور پر اساتذہ کو اطلاع دی، جس کے بعد انہیں فوراً صاف کرا دیا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی کچھ نامعلوم افراد نے اسکول میں ایک کبوتر کو ذبح کرکے گھنٹی سے لٹکا دیا تھا، جس نے پورے گاؤں میں خوف کی فضا پیدا کر دی تھی۔
اس طرح کے واقعات سے نہ صرف طلبہ بلکہ والدین بھی سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔اہلِ علاقہ اور والدین کا کہنا ہے کہ اسکول کے اطراف کوئی کمپاؤنڈ نہ ہونے کے باعث غیر متعلقہ افراد آسانی سے عمارت میں داخل ہوکر اس طرح کی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں اور اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔
اسکول کے اساتذہ اور والدین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسکول کے اطراف چار دیواری تعمیر کی جائے تاکہ تعلیمی ماحول محفوظ بنایا جا سکے اور اس نوعیت کے واقعات دوبارہ نہ ہو سکیں