Bank manager

سائیکل خریدنے کے لیے بچوں کی بینک میں لون کی درخواست، مینیجر بھی حیران و پریشان 

تازہ خبر وائرل خبریں
سائیکل خریدنے کے لیے بچوں کی بینک میں لون کی درخواست، مینیجر بھی حیران و پریشان 
سنگاریڈی:۔7؍ اکتوبر
(زین زین)
 تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے جھار سنگم منڈل کے بردی پور گاؤں میں ایک دلچسپ اور حیران کن واقعہ پیش آیا، جب دو ننھے بھائی بہن دیوانش اور رہسیا سائیکل خریدنے کے لیے بینک پہنچ گئے اور وہاں لون (قرض) کی درخواست کر ڈالی۔ تفصیلات کے مطابق بچوں کی والدہ سنیٹا مقامی بینک میں ملازمت کرتی ہیں۔
 وہ حسب معمول پیر کے روز دفتر گئیں تو ان کے دونوں بچے بھی ضد کر کے ساتھ ہو لیے۔بینک پہنچنے کے بعد بچوں نے سنا کہ یہاں "پیسے دیے جاتے ہیں”، تو وہ سیدھے بینک مینیجر کے کمرے میں جا پہنچے۔ان معصوم بچوں نے مینیجر سے کہاکہ انکل! ہمیں سائیکل خریدنی ہے، ہمیں لون دےدیجیے۔
مینیجر ایک لمحے کے لیے حیران رہ گئے، پھر ہنس کر پوچھا،”لون لینے کے لیے کچھ ضمانت یا جائیداد گروی رکھنی پڑتی ہے، تمہارے پاس کیا ہے؟”بچوں نے بلا جھجک جواب دیاِ”ہمارے پاس زمین بھی ہے
 اور سونا بھی!”بچوں کے اس معصوم اور سادہ لوح جواب پر بینک میں موجود تمام عملہ اور صارفین قہقہوں میں پھوٹ پڑے۔مینیجر نے دونوں بچوں کو پیار سے سمجھایا کہ لون بڑے لوگ کام کے لیے لیتے ہیں، بچوں کے لیے نہیں، اور پھر مسکراتے ہوئے انہیں گھر بھیج دیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق بردی پور گاؤں ایک چھوٹا سا زرعی علاقہ ہے، جہاں کے لوگ سادہ مزاج اور دیانت دار ہیں۔یہ واقعہ بینک کے عملے کے لیے خوشگوار لمحہ بن گیا۔ بچوں کی معصوم حرکت نے نہ صرف بینک کا ماحول ہلکا پھلکا بنا دیا بلکہ وہاں موجود ہر شخص کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دی۔