کریم نگر میں ڈرگس کنٹرول عہدیداران رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
کریم نگر:۔7 اکتوبر
(زین نیوز)
(زین نیوز)
کریم نگر کے ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن دفتر میں اے سی بی کی چھاپہ ماری ہوئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرینواس اور ڈرگ انسپکٹر کارتک ریڈی کو، ایک درمیانی شخص راما کے ساتھ، 20 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
اے سی بی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مریالا سرینواسلو (AO-1) اور ڈرگ انسپکٹر کارتک بھارتی (AO-2)، دونوں دفترِ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن، کریم نگر کے عہدیدار ہیں۔
انہوں نے شکایت کنندہ کے میڈیکل اسٹور کی سالانہ تفتیش کے سلسلے میں ’’سرکاری عنایت‘‘ کے طور پر بیس ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ درمیانی شخص پلوری رامو (A-3) کے ذریعے شکایت کنندہ سے بیس ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے پکڑ لیا۔
رشوت کی رقم A3کے قبضے سے برآمد کی گئی۔ تفتیشی افسران کے مطابق دونوں سرکاری افسران نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے بددیانتی سے ناجائز فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔اے سی بی حکام نے بتایا کہ تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے معزز اسپیشل جج برائے ایس پی ای و اے سی بی کیسز، کریم نگر کے روبرو پیش کیا جارہا ہے۔
کیس کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ شکایت کنندہ کی شناخت حفاظتی وجوہات کی بنا پر ظاہر نہیں کی گئی۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی سرکاری ملازم کی جانب سے رشوت طلب کی جائے تو وہ اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پر اطلاع دیں۔
مزید برآں اے سی بی تلنگانہ سے واٹس ایپ (9440446106)، فیس بک (Telangana ACB) اور ایکس/ٹوئٹر (@TelanganaACB) کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ شکایت کنندہ کا نام اور تفصیلات صیغۂ راز میں رکھی جائیں گی۔