طلباء میں بائی سائیکلس اور معذورین میں اسکوٹرس کی تقسیم۔

بین الریاستی تازہ خبر

گرین انڈیا چیلنج کے تحت شجرکاری کرتے ہوئے رکن کونسل کویتا نے 43 ویں سالگرہ منائی
تلنگانہ جاگرتی مرکزی دفتر پر بڑے پیمانے پر سالگرہ تقریب کا انعقاد۔
وزیر داخلہ کی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت
طلباء میں بائی سائیکلس اور معذورین میں اسکوٹرس کی تقسیم۔ خون کا عطیہ کیمپ کا انعقاد
حیدرآباد۔­13/ مارچ
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ)
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ کی دختر ، رکن کونسل و صدر تلنگانہ جاگرتی کلواکنٹلہ کویتا نے گرین انڈیا چیلنج میں حصہ لیتے ہوئے پرگتی بھون میں پودے لگائے اور اپنی 43 ویں سالگرہ منائی۔
کویتا نے علی الصبح اپنے والد ین کا آشیرواد حاصل کرتے ہوئے اپنے دن کا آغاز کیا اور بعد ازاں ماں شوبھا اور رکن راجیہ سبھا جوگنی پلی سنتوش کمار کے ہمراہ پرگتی بھون کے احاطہ میں پودے لگائے۔ اس موقع پر رکن کونسل نے کہا کہ اپنے والدین اور کزن بھائی سنتوش کے ہمراہ سالگرہ منانا ان کیلئے انتہائی مسرت کا لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرین انڈیا چیلنج پروگرام کے انعقاد کا مقصد ریاست میں سرسبزی و شادابی کو وسیع کرنا ہے اور ماحولیات کا تحفظ ہے ۔
سالگرہ کے موقع پر اس چیلنج کا حصہ بننا ان کیلئے باعث افتخار ہے ۔ کویتا نے کہا کہ سالگرہ کے موقع پر شجر کاری کرتے ہوئے انہوں نے خود کو ایک عمدہ تحفہ دیا ہے۔ اس موقع پر رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے رکن کونسل کویتا کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کیلئے بھی آج کا دن نہایت ہی یادگار اور خوشگوار ہے۔ محترمہ کویتا کی تنظیم تلنگانہ جاگرتی کے ریاست بھر کےدفاتر پر سالگرہ تقاریب کااہتمام کیا گیا۔

اس کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بھی سماجی جہد کاروں اور ٹی آر ایس کارکنوں نے مختلف سماجی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے اور کیک کاٹتے ہوئے رکن کونسل کی سالگرہ منائی۔ تلنگانہ جاگرتی کے مرکزی دفتر واقع اشوک نگر پر نائب صدر تلنگانہ جاگرتی راجیو ساگر کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پر سالگرہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے رکن کونسل کویتا کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور کیک کاٹا۔
بعد ازاں وزیر داخلہ اور رکن اسمبلی مشیرآباد موٹا گوپال کے ہاتھوں تلنگانہ جاگرتی کی جانب سے تقریباً 30 طلباء میں بائی سائکلس تقسیم کئے گئے اور 6 معزورین کو ٹی وی ایس جوپیٹر اسکوٹرس دئے گئے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے دیہی تہوار بتھوکما کو عالمی سطح پر معروف کرنے میں محترمہ کویتا کا کلیدی کردار رہا ہے۔
محمود علی نے کہا کہ رکن کونسل کویتا ‘ جدوجہد تلنگانہ کے دور سے ہی کافی سرگرم رہیں اور تلنگانہ جاگرتی کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں میں ریاست کی تہذیب و تمدن سے متعلق شعور بیدار کیا ۔ وزیر داخلہ نے نائب صدر تلنگانہ جاگرتی راجیو ساگر کی جانب سے محترمہ کویتا کیلئے کمپوز کئے گئے خصوصی گیت کو بھی جاری کیا۔ بعد ازاں محمود علی نے جاگرتی دفتر کے احاطہ میں منعقدہ خون کا عطیہ کیمپ کا افتتاح کیا جس میں تلنگانہ جاگرتی کے سینکڑوں نوجوانوں نے خون کا عطیہ دیا۔سالگرہ کی اس تقریب میں وزیر داخلہ محمد محمود علی کے علاوہ مشیرآباد ٹی آر ایس رکن اسمبلی موٹا گوپا، اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ اسٹیٹ (SATS) چیرمین وینکٹیشور ریڈی ، ٹی آر ایس قائدین دیوی پرساد، مری راج شیکھر ریڈی، تلاسانی سائی کرن یادو، محمد اعظم علی ، تلنگانہ جاگرتی نائب صدر راجیو ساگر ، جنرل سکریٹری نوین آچاری کے علاوہ حیدرآباد شاخ کے صدر اننتولا پرشانت و دیگر موجود تھے ۔علاوہ ازیں محترمہ کویتا کی سالگرہ کے موقع پر ریاست کی پہلی خاتون میکانک آدی لکشمی کو لاریوں کے ٹائرس کی سرویسنگ سے متعلق کوئمبتور سے منگوائی گئی جدید مشین حوالے کی گئی۔

محترمہ کویتا نے کچھ روز قبل اس خاتون میکانت کو تہنیت پیش کی تھی اور انہیں ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جسے آج مشین فراہم کرتے ہوئے وفا کیا۔ محترمہ کویتا کی سالگرہ کے موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ کرسٹل آرٹس سید عظمت اللہ نے قیمتی نگینوں سے تیار کردہ محترمہ کی مسکراتی ہوئی پورٹریٹ تحفہ میں پیش کی۔ اس پورٹریٹ کی تیاری میں جو قیمتی نگینے استعمال کئے گئے ہیں ان میں آسٹریا سے درآمد کردہ سواراوسکی (Swarovski) کرسٹلس اور چیک ریپبلک سے درآمد پریسیوزا (Preciosa) کرسٹلس شامل ہیں۔ مذکورہ پورٹریٹ میں 33 ہزار کرسٹلس کا استعمال کیا گیا اور 46 رنگوں(colors) سے مزین کیا گیا۔

اس پورٹریٹ کا ہر ایک نگینہ کو ہاتھوں سے کینوس پر خصوصی کیمیکل سے چسپاں کیا گیا جس میں تقریبا دیڑھ ماہ کا وقت درکار ہوا۔ اپنے پر کشش پورٹریٹ کا دیدار کرنے کے بعد کلوا کنٹلہ کویتا نے نہ صرف بے حد مسرت کا اظہار کیا بلکہ اس نادرونایاب فن سے وابستہ انفرادی فنکارکی عزت وحوصلہ افزائی کرتے ہوئے بے پناہ توقیر اوراحترام سے نوازتے ہوئے انہیں شالپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی ۔
اسی طرح رکن کونسل کویتا کی سالگرہ کے موقع پر نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس لیڈر سائی پرساد نے ، حیدرآباد کے رویندرا بھارتی میں کویتا کی 60 فٹ اونچی تصویر پینٹ کرواتے ہوئے انھیں سالگِرہ کی مبارکباد پیش کی۔ یہ حیرت انگیز پینٹنگ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے مشہور پینٹر شیلیش کلکرنی نے تیار کی ہے ۔ فنکاروں نے اسے مکمل کرنے میں 20 گھنٹے سے زیادہ کام کیا۔