حکومت کی جانب سے ممنوعہ ای سگریٹ فروخت کرنے والے دو افراد گرفتار، 27,500 روپے مالیت کی ای سگریٹیں ضبط
جگتیال، 18 جولائی (ایجسیز): جگتیال ٹاؤن پولیس نے حکومت کی جانب سے ممنوع قرار دی گئی ای سگریٹوں کی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے تقریباً 27,500 روپے مالیت کی 11 ممنوعہ ای سگریٹ بکس ضبط کرلیں۔
پولیس کے مطابق جگتیال ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع چنتا کنٹہ چیروو علاقے میں دو افراد کی جانب سے ممنوعہ ای سگریٹ فروخت کیے جانے کی مصدقہ اطلاع ملی تھی۔ ضلعی ایس پی اشوک کمار، آئی پی ایس کی ہدایت اور ڈی ایس پی پروشوتھم ریڈی کی نگرانی میں ضلع سی سی ایس پولیس ٹیم اور جگتیال ٹاؤن پولیس کی سب انسپکٹر ایم۔ سپریا نے پولیس عملے کے ساتھ موقع پر پہنچ کر پنچ گواہوں کی موجودگی میں تلاشی لی۔
کارروائی کے دوران محمد عبد الوحید جمیل ولد جلیل (55 سال)، ساکن پرانی پیٹ، جگتیال، اور محمد فہد ولد قادر (26 سال)، ساکن اسلام پور، جگتیال، کو حراست میں لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران دونوں نے اعتراف کیا کہ وہ حکومت کی جانب سے ممنوع قرار دی گئی ای سگریٹ فروخت کر رہے تھے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تقریباً 27,500 روپے مالیت کی 11 ای سگریٹ بکس ضبط کرلیں۔ بعد ازاں دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ اس بات کی اطلاع جگتیال ٹاؤن پولیس انسپکٹر پی۔ کروناکر نے دی۔
پولیس نے عوام کو خبردار کیا کہ حکومت کی جانب سے ممنوع قرار دی گئی ای سگریٹوں کی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی یا نقل و حمل قانوناً جرم ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
جگتیال ٹاؤن پولیس انسپکٹر پی۔ کروناکر نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کو اس نوعیت کی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع ہو تو فوراً قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈائل-100 پر اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی
