Petrol Pump =1

ٹی جیون ریڈی کی لوک آیکت سے شکایت پر ضلع کلکٹر کو نوٹس

تازہ خبر تلنگانہ

ٹی جیون ریڈی کی لوک آیکت سے شکایت پر ضلع کلکٹر کو نوٹس
120 سالہ تاریخی تحصیل دفتر کی عمارت کے انہدام پر بھی جواب طلب
جگتیال:۔9؍نومبر
(زین نیوز)

جگتیال ٹاؤن میں قیمتی سرکاری اراضی ایک تیل کمپنی کو پٹرول پمپ کے قیام کے لیے لیز پر دینے اور تقریباً 120 سال قدیم تاریخی تحصیل دفتر کی عمارت منہدم کرنے کا معاملہ لوک آیکت تک پہنچ گیا ہے۔ بی آر ایس کے ریاستی جنرل سکریٹری ٹی جیون ریڈی کی جانب سے اس سلسلے میں لوک آیکت سے رجوع کیے جانے پر متعلقہ فورم نے ضلع کلکٹر جگتیال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کیا ہے۔

شکایت کے مطابق سروے نمبر 105 میں واقع 621 مربع گز قیمتی سرکاری اراضی کو مبینہ طور پر مقررہ سرکاری قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک تیل کمپنی کو پٹرول پمپ کے قیام کے لیے صرف 72 ہزار روپے ماہانہ کرایہ پر لیز پر دیا گیا۔ شکایت میں اس اراضی کو رجسٹریشن ایکٹ کی دفعہ 22-A کے تحت ممنوعہ اراضی کی فہرست میں شامل قرار دیتے ہوئے اس کی لیز کے قانونی جواز پر سوال اٹھایا گیا ہے۔

شکایت گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ جی او ایم ایس نمبر 1493، محکمہ مال (اسائنمنٹ)، مؤرخہ یکم دسمبر 2007 کے تحت سرکاری اراضی مخصوص مقاصد کے لیے ہی مختص کی جاسکتی ہے اور اس کے لیے ضلع کلکٹر کی پیشگی اجازت ضروری ہے۔ اسی طرح جی او ایم ایس نمبر 571، محکمہ مال (اسائنمنٹ)، مؤرخہ 14 اگست 2012 کی متعلقہ شقوں کی خلاف ورزی کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

؎شکایت میں کہا گیا کہ اراضی لیز پر دینے کے لیے نہ تو ٹنڈر طلب کیے گئے اور نہ ہی عوامی نیلامی کا انعقاد کیا گیا۔اس معاملے میں ایک اور سنگین الزام یہ ہے کہ پٹرول پمپ کے قیام کی راہ ہموار کرنے کے لیے نظام حکومت کے دور میں 1906ء (1315 فصلی) میں تعمیر کردہ تقریباً 120 سال قدیم تاریخی تحصیل دفتر کی عمارت کو آثارِ قدیمہ کے محکمہ سے اجازت حاصل کیے بغیر منہدم کردیا گیا۔ یہ عمارت طویل عرصے تک محکمہ مال کے دفاتر کے مرکز کے طور پر استعمال ہوتی رہی تھی۔

شکایت میں مزید بتایا گیا کہ اس معاملے پر ضلع کلکٹر سے بھی نمائندگی کرتے ہوئے مبینہ بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی، تاہم کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی اور مذکورہ اراضی تیل کمپنی کو لیز پر دے دی گئی۔ٹی جیون ریڈی کی جانب سے لوک آیکت سے رجوع کیے جانے کے بعد متعلقہ فورم نے 3 نومبر 2026 کو جاری کردہ حکم میں ضلع کلکٹر جگتیال کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنا جواب اور تفصیلی رپورٹ پیش کریں اور ایک ذمہ دار عہدیدار کے ذریعہ ذاتی طور پر حاضر ہوکر وضاحت دیں۔

اس معاملے کی آئندہ سماعت 3 دسمبر 2026 کو مقرر کی گئی ہے۔621 مربع گز سرکاری اراضی کی لیز، ماہانہ کرایہ کے تعین، ٹنڈر و عوامی نیلامی کے طریقۂ کار اور تاریخی تحصیل دفتر کی عمارت کے انہدام سے متعلق الزامات پر ضلع انتظامیہ کی وضاحت اب اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ لوک آیکت میں آئندہ سماعت کے دوران کیا حقائق سامنے آتے ہیں اور سرکاری اراضی و تاریخی عمارت کے معاملے میں کیا کارروائی کی جاتی ہے۔