اردو پہ ستم ڈھا کر غالبؔ پہ کرم کیوں ہے؟
اردو گھر ہے یا اردو کے بغیر گھر؟
جگتیال، 31 اکتوبر
(زین نیوز)
اردو زبان کے فروغ اور تحفظ کے مقصد سے تعمیر کیے جانے والے اردو گھر جگتیال کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں اردو زبان کو ہی ثانوی حیثیت دیے جانے کا معاملہ کئی سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ اردو گھر کے سنگِ بنیاد کی تختی پر تلگو زبان کو نمایاں مقام دیا گیا، جبکہ اردو زبان میں محض ایک سطر تحریر کرکے رسمی خانہ پُری کردی گئی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ تقریب میں اردو تنظیموں کے ذمہ داران بھی اسٹیج پر موجود تھے، لیکن اردو زبان کو اس کے اپنے گھر کے سنگِ بنیاد کی تختی پر بھی نمایاں مقام نہیں مل سکا۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ محض اتفاق ہے یا اردو کے فروغ کے دعوؤں اور عملی اقدامات کے درمیان پائے جانے والے فرق کی ایک واضح مثال؟تلنگانہ حکومت اردو زبان اور مسلمانوں کی ترقی کے بلند بانگ دعوے کرتی ہے، لیکن زمینی حقائق کچھ اور ہی کہانی بیان کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں اردو زبان کے ساتھ جو ناانصافیاں ہوتی رہی ہیں، کیا آج بھی وہی سلسلہ کسی نہ کسی صورت میں جاری ہے؟ اور اس سے بھی بڑا سوال یہ ہے کہ اردو کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی پر اردو والوں اور مسلم نمائندوں کا رویہ آخر کب بدلے گا؟ اردو کے نام پر قائم اداروں اور تنظیموں کی موجودگی میں بھی اگر اردو کو اس کے اپنے گھر میں مناسب مقام نہ ملے تو پھر اس کے فروغ کے دعوؤں کی معنویت کیا رہ جاتی ہے؟
اس معاملے کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ تقریباً تین سال قبل بی آر ایس حکومت کے دور میں اسی اردو گھر کے سنگِ بنیاد کی تقریب کے موقع پر تختی اردو زبان میں نصب کی گئی تھی، لیکن اب نئی تختی پر اردو کی نمائندگی محض ایک سطر تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ آخر ایسا کیا بدل گیا کہ اردو گھر کے لیے تیار کی جانے والی تختی پر اردو ہی کو نمایاں مقام نہیں مل سکا؟آج کے ڈیجیٹل دور میں اردو زبان میں سنگِ بنیاد کی تختی تیار کروانا یا اردو میں فلیکس پرنٹ کروانا کوئی مشکل کام نہیں۔ یہ کام معمولی کوشش اور دلچسپی سے بآسانی انجام دیا جا سکتا ہے۔
ایسے میں اردو زبان کو نظرانداز کیے جانے کو محض تکنیکی مجبوری قرار دینا مشکل ہے۔ یہ صورتِ حال اردو کے تئیں عدم دلچسپی یا لاپروائی کا تاثر ضرور پیدا کرتی ہے۔ایسے موقع پر ساحر لدھیانوی کا یہ شعر یاد آتا ہے۔اردو پہ ستم ڈھا کر غالبؔ پہ کرم کیوں ہے؟سوال اپنی جگہ برقرار ہےجس عمارت کا نام اردو گھر رکھا گیا ہے، اگر اسی کی تختی پر اردو کو نمایاں مقام نہ ملے تو کیا اسے واقعی اردو گھر کہا جا سکتا ہے؟ اردو کے فروغ کے دعوے صرف تقریروں اور تختیوں تک محدود رہیں گے یا عملی طور پر بھی اردو کو اس کا جائز مقام دیا جائے گا؟
