ہندوستان پاکستان سرحد کے قریب ریلوے ٹریک دھماکے سے اڑانے کی سازش ناکام
پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے رابطوں کا الزام
خاتون سمیت دو افراد گرفتار، تین دیگر زیرِ حراست
نئی دہلی:۔16/نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)
راجستھان کے ضلع گنگا نگر میں ہندوستان اور پاکستان کی سرحد کے قریب ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا کر ٹرین حادثہ پیش کرنے کی مبینہ سازش کا پولیس نے پردہ فاش کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 3 نومبر کو رام سنگھ پور کے قریب ریلوے پٹری پر دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں ٹریک کا ایک حصہ تباہ ہوگیا اور وہاں تقریباً ڈھائی فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔
تاہم خوش قسمتی سے اس وقت اس پٹری سے کوئی ٹرین نہیں گزر رہی تھی، جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچنے کا علم ہونے پر متعلقہ عملے نے فوری طور پر اعلیٰ حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد احتیاطی طور پر اس راستے پر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا اور راجستھان کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی مدد سے 21 سالہ مہاکدیپ کور اور 22 سالہ دیویندر سنگھ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا الزام ہے کہ گرفتار افراد کے پاکستان سے روابط تھے اور گرفتار خاتون پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے مسلسل رابطے میں تھی۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے کہ خاتون کا شوہر منشیات کی اسمگلنگ کے ایک مقدمے میں جیل کی سزا کاٹ رہا ہے۔
پولیس کے مطابق پاکستانی ہینڈلرز ہندوستان میں حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے معاشی طور پر کمزور خواتین کو نشانہ بنا رہے تھے اور ریلوے ٹریک پر دھماکہ کرنے کے لیے خاتون کو رقم فراہم کی گئی تھی۔پولیس نے کارروائی کے دوران دو ہتھیار، 46 گولیاں اور 30 ہزار روپے نقد رقم بھی ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اس معاملے میں مبینہ طور پر ملزمان کی مدد کرنے والے مزید تین افراد کو بھی حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ پولیس واقعہ کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کررہی ہے اور مبینہ سازش سے وابستہ دیگر روابط کا بھی پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے۔
