چار دہائیوں پر محیط ملی و سماجی خدمات کا سفر تمام
محمد یوسف آزاد کے انتقال پر ٹی جیون ریڈی کا گہرے رنج و غم کا اظہار
جگتیال:۔15/نومبر
(زین نیوز)
سابق میونسپل وائس چیئرمین محمد یوسف آزاد کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی سابق وزیر و سینئر سیاسی رہنما اور بی آر ایس جنرل سکریٹری ٹی جیون ریڈی نے مرحوم کے مکان پہنچ کر ان کے رشتہ داروں سے ملاقات کی، انہیں پرسہ دیا اور میت کا دیدار کرتے ہوئے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ محمد یوسف آزاد گزشتہ چار پانچ دہائیوں سے جگتیال کی ملی، سماجی اور سیاسی سرگرمیوں میں سرگرم رہے۔ وہ ملتِ اسلامیہ کے مسائل، فلاح و بہبود اور اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔
ان کی عوامی خدمات اور سماجی وابستگی کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں دو مرتبہ مجلسِ بلدیہ کا کونسلر منتخب کیا گیا، جبکہ ایک مرتبہ بلدیہ کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کا اچانک انتقال جگتیال کی ملی و سماجی زندگی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
ایسے تجربہ کار اور سرگرم سماجی رہنما کی رحلت پر انہوں نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے رشتہ داروں سے دلی تعزیت کی۔
