Govt Hospital

جگتیال سرکاری دواخانے میں ہنگامی طبی آلات ناکارہ؟

تازہ خبر تلنگانہ

جگتیال سرکاری دواخانے میں ہنگامی طبی آلات ناکارہ؟
ای سی جی مشین اور دیگر ہنگامی آلات کے کام نہ کرنے کا الزام، عوام میں برہمی
جگتیال:۔15/نومبر

(زین نیوز)

جگتیال کے سرکاری دواخانے میں ہنگامی طبی سہولتوں اور آلات کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ دل کا دورہ پڑنے سے جگتیال کے سابق میونسپل وائس چیئرمین محؔمد یوسف آزاد کے انتقال کے واقعہ نے سرکاری دواخانے میں دستیاب ہنگامی طبی سہولتوں کی صورتِ حال کو موضوعِ بحث بنادیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد یوسف آزاد نئے بس اسٹینڈ کے قریب اچانک دل کا دورہ پڑنے سے گر پڑے۔ مقامی افراد نے انہیں فوری طور پر جگتیال کے سرکاری دواخانے منتقل کیا۔تاہم اہلِ خانہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ دواخانے میں موجود ای سی جی مشین اور دیگر ہنگامی طبی آلات اس وقت کام نہیں کررہے تھے، جس کے باعث فوری طبی معائنے اور ضروری کارروائی میں تاخیر ہوئی۔

بتایا جاتا ہے کہ تقریباً نصف گھنٹے بعد محمد یوسف آزاد کی موت کی تصدیق کی گئی۔ اس واقعہ پر عوام نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر سرکاری دواخانے میں ہنگامی طبی آلات ہی کارآمد نہ ہوں تو ایسے نازک وقت میں مریضوں کو فوری طبی امداد کیسے فراہم کی جاسکتی ہے؟

سابق میونسپل وائس چیئرمین کے انتقال سے متعلق اس واقعہ نے سرکاری دواخانے میں ہنگامی طبی آلات کی دستیابی، ان کی کارکردگی اور طبی عملے کی تیاری کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ تاہم ای سی جی مشین اور دیگر آلات کے ناکارہ ہونے کے الزام کی سرکاری سطح پر تصدیق ہونا باقی ہے۔

یہ بھی واضح ہونا ضروری ہے کہ آیا طبی آلات کی خرابی کے باعث علاج میں تاخیر ہوئی یا نہیں۔ متعلقہ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں سے اس معاملے کی جانچ اور سرکاری دواخانے میں ہنگامی طبی سہولتوں کو مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی توقع کی جارہی ہے۔