کاما ریڈی میڈیکل کالج کی ترقی کے لیے 24.40 کروڑ روپے منظور
جلد ہی کرٹیکل کیئر سینٹر اور مدر اینڈ چائلڈ ہاسپٹل کا افتتاح”محمدعلی شبیر”
کاما ریڈی: 16 ؍نومبر
(سید کوثر علی کی رپورٹ)
کاماریڈی گورنمنٹ میڈیکل کالج کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے تلنگانہ حکومت نے 24 کروڑ 40 لاکھ روپے کی خطیر رقم منظور کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ بات ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے پیر کے روز میڈیکل کالج کے احاطے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی حکومت طبی تعلیم کو مستحکم بنانے اور غریب و متوسط طبقے کے عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے جی او نمبر 175، HM&FW (C2) کے تحت یہ فنڈز منظور کیے ہیں، جنہیں کالج کی عمارتوں، طلبہ و طالبات کے ہاسٹلز، کچن، ڈائننگ ہال، پرنسپل کوارٹرز، پینے کے پانی، صفائی، برقی سہولتوں، سڑکوں، ڈرینیج اور کمپاؤنڈ وال کی تعمیر و ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔
محمد علی شبیر نے بتایا کہ منظورہ فنڈز کے تحت مختلف ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے۔ ان میں سول ورکس کے لیے 84 لاکھ 96 ہزار روپے، واٹر سپلائی اور سینیٹری کاموں کے لیے 21 لاکھ 57 ہزار روپے، سڑکوں، ڈرینیج، سمپ، مشن بھگیرتا کنکشن، 33 کے وی برقی لائن کی منتقلی، 700 آر ایم ٹی کمپاؤنڈ وال اور بی ٹی روڈ کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح الیکٹریفکیشن اور الیکٹرو مکینیکل خدمات کے لیے 17 لاکھ 78 ہزار روپے، اضافی سول ورکس کے لیے ایک کروڑ 9 لاکھ روپے اور دیگر بنیادی سہولتوں، واٹر سپلائی و سینیٹری کاموں کے لیے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیکل کالج میں دو لفٹس کی تنصیب سمیت دیگر ترقیاتی کام بھی انجام دیے جائیں گے۔انہوں نے اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر صحت و طبابت دامودر راج نرسمہا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کاماریڈی کے عوام، میڈیکل کالج کے طلبہ، اساتذہ اور طبی عملے کی جانب سے حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔

شبیر علی نے کہا کہ کاماریڈی میڈیکل کالج کو 32 پی جی سیٹس کی منظوری ملنا انتہائی مسرت کی بات ہے۔ اس سے میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو مزید مواقع فراہم ہوں گے اور مستقبل میں ماہر ڈاکٹروں کی تیاری میں یہ ادارہ اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کالج کے پرنسپل، تدریسی عملے اور متعلقہ عہدیداروں سے اپیل کی کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت بخش، صاف ستھری اور غذائیت سے بھرپور غذا بھی فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود پر یکساں توجہ دینا ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کرنے والے قابل اور ذمہ دار ڈاکٹر بن سکیں۔ریاستی مشیر نے مزید بتایا کہ کاماریڈی کے طبی شعبہ میں ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر بہت جلد وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے ہاتھوں کرٹیکل کیئر سینٹر اور مدر اینڈ چائلڈ ہاسپٹل کا افتتاح عمل میں لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ان دونوں طبی مراکز کے قیام سے ہنگامی حالات میں مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت حاصل ہوگی، جبکہ حاملہ خواتین، زچہ اور بچوں کے لیے خصوصی طبی خدمات دستیاب ہوں گی۔
اس سے غریب خاندانوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت بھی کم ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ کاماریڈی میڈیکل کالج کو مزید ترقی دے کر تمام جدید طبی سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لیے وہ مسلسل کوششیں جاری رکھیں گے اور کالج کی ترقی کے لیے ان کا تعاون ہمیشہ برقرار رہے گا۔
اس موقع پر میونسپل چیئرپرسن اِپّا سرینواس اُمارانی، ضلع لائبریری چیرمین مَدّی چندرکانت ریڈی، میونسپل کونسلرس، آر اینڈ بی عہدیداران، میڈیکل کالج کے پرنسپل، وائس پرنسپل، کالج کا عملہ، صحافیوں اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔
سید کوثر علی
Senior Journalist, Kamareddy
DMAC Member &
District Vice President TUWJ (IJU) KAMAREDDY
