غریب خاندانوں کے ہر مستحق فرد تک فلاحی اسکیموں کے ثمرات پہنچانا کانگریس حکومت کا مقصد

تازہ خبر تلنگانہ

غریب خاندانوں کے ہر مستحق فرد تک فلاحی اسکیموں کے ثمرات پہنچانا کانگریس حکومت کا مقصد
کاماریڈی میں 797 مستحقین کو نئی آسرا پنشن منظور۔سرکاری مشیر محمد علی شبیر”
کاماریڈی، 16 نومبر
(سید کوثر علی کی رپورٹ)

ریاستی حکومت غریبوں، معمرین، بیواؤں، معذوروں اور تنہا خواتین کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ہر مستحق فرد تک فلاحی اسکیموں کے ثمرات پہنچانے کے مقصد سے کام کر رہی ہے۔ یہ بات ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے کہی۔ پیر کے روز کاماریڈی میونسپل دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران انہوں نے نئے منظور شدہ آسرا پنشن مستحقین میں تقسیم کیے۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ کاماریڈی میونسپل حدود میں مختلف زمروں کے تحت ریاستی حکومت نے جملہ 797 نئی آسرا پنشنیں منظور کی ہیں۔ ان میں معمرین، بیواؤں، معذوروں اور تنہا خواتین کے علاوہ دیگر مستحق افراد شامل ہیں۔محمد علی شبیر نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے لیے پنشن ایک بڑا سہارا ہے۔ بالخصوص عمر رسیدہ افراد، شوہر سے محروم خواتین اور معذور افراد کو باعزت زندگی گزارنے میں پنشن سے کافی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کاماریڈی میونسپل حدود میں مزید 200 سے زائد افراد نے پنشن کے حصول کے لیے درخواستیں اور نمائندگی پیش کی ہیں۔ متعلقہ عہدیداروں کے ذریعہ ان درخواستوں کی جانچ کرواتے ہوئے سرکاری قواعد کے مطابق تمام اہل افراد کو پنشن منظور کروانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی مستحق شخص سرکاری فلاحی اسکیموں سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔شبیر علی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت فلاح و بہبود اور ترقی کو یکساں اہمیت دے رہی ہے۔ انتخابی وعدوں کو مرحلہ وار پورا کرتے ہوئے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے مختلف اسکیموں پر عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو مفت بس سفر، غریبوں کو 500 روپے میں گیس سلنڈر، گروہ جیوتی کے تحت 200 یونٹ مفت بجلی، اندراماں مکانات، راجیو آروگیہ شری، رعیتو بھروسہ، کسانوں کے قرضوں کی معافی اور باریک چاول کی تقسیم جیسی اسکیموں کا تذکرہ کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کاماریڈی حلقہ کی ترقی کے لیے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ تعلیم، طب، سڑکوں، پینے کے پانی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔ امروت اسکیم کے تحت تقریباً 93 کروڑ روپے سے پینے کے پانی کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے علاوہ تالابوں کی ترقی، سڑکوں اور ڈرینج نظام کی بہتری کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے پنشن حاصل کرنے والے مستحقین کو مشورہ دیا کہ وہ اس رقم کو روزمرہ ضروریات، ادویات اور دیگر بنیادی اخراجات کے لیے استعمال کریں۔ عوامی مسائل کی یکسوئی اور کاماریڈی کی مجموعی ترقی کے لیے وہ ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔

اس موقع پر میونسپل چیئرپرسن اپّا اُمارانی سرینواس، لائبریری چیئرمین مدّی چندرکانت ریڈی، ریاستی یوتھ کانگریس قائد محمد الیاس، ٹاؤن کانگریس صدر آئیرینی سندیپ، گوڑم سرینواس ریڈی، محمد اسحاق شیرو کونسلر،سیدانوراحمد کونسلر،سدھاکر ریڈی، رام موہن، ماجد، واجدکونسلر، بھوپتی، امجدکونسلر، سید اسرار احمد، لڈو، نِٹّو وینکٹ راؤ، گمپا پرساد، عظمت، سیدمبشر علی،عبدالقدیر ، اور دیگر کانگریس قائدین، کارکنان اور عہدیداران موجود تھے