’ایس آئی آر‘ کے فیصلوں پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرنے سپریم کورٹ پہنچے راہول گاندھی
کانگریس لیڈر اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے 48 سوالات پر مشتمل سوالنامہ داخل
نئی دہلی:۔16/نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)
ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (اسپیشل انٹینسو ریویژن۔ ایس آئی آر) کے عمل سے متعلق فیصلے کرنے کے طریقۂ کار پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرنے کے لیے کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے 48 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ (انٹرروگیٹریز) بھی پیش کیا ہے، جس میں الیکشن کمیشن سے ملک گیر سطح پر ایس آئی آر کے نفاذ سے متعلق فیصلوں کے طریقۂ کار اور اختیارات کے استعمال پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔درخواست میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ آیا ملک بھر میں ایس آئی آر کے نفاذ سے متعلق فیصلے الیکشن کمیشن نے اجتماعی طور پر کیے تھے یا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے دیگر الیکشن کمشنروں کی منظوری کے بغیر اپنے طور پر کمیشن کے اختیارات استعمال کیے تھے۔
درخواست گزاروں نے اس عمل کی منظوری، ووٹر فہرستوں سے ناموں کے اخراج کے الزامات اور الیکشن کمیشن کے آن لائن انتخابی اندراج کے نظام میں کی گئی تبدیلیوں سے متعلق بھی سوالات اٹھائے ہیں اور ڈپٹی الیکشن کمشنر سے ان معاملات پر جواب طلب کیا ہے۔راہول گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے ملک گیر ایس آئی آر کے نفاذ کی اجازت دینے سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کا باقاعدہ ریکارڈ موجود نہ ہونے، آن لائن فارم 6 میں کی گئی تبدیلیوں اور ای سی آئی نیٹ (ECINet) و ای آر او نیٹ (ERONet) کے ووٹر فہرستوں سے متعلق ڈیٹا بیس کے طریقۂ کار پر بھی سوالات کیے ہیں۔
ان کا الزام ہے کہ یہ ڈیٹا بیس مرکزی سطح پر کام کرتے ہیں اور ان کے طریقۂ کار میں شفافیت کا فقدان ہے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن کے پورٹل پر کی گئی تازہ کاریوں اور تبدیلیوں کی تفصیلات کے علاوہ انہیں نافذ کرنے والے افراد کی معلومات بھی طلب کی گئی ہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن پہلے ہی سپریم کورٹ میں یہ موقف اختیار کرچکا ہے کہ ایس آئی آر سے متعلق تمام فیصلے اتفاقِ رائے سے کیے گئے ہیں اور اس عمل کو قانونی ضوابط کے مطابق نافذ کیا گیا ہے۔ کمیشن نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ فارم 6 میں اس کی جانب سے کوئی ترمیم نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ ایس آئی آر کے معاملے میں چیف الیکشن کمشنر پر یکطرفہ فیصلے کرنے اور من مانی طور پر ووٹروں کے نام فہرستوں سے خارج کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے راہول گاندھی سمیت 12 اپوزیشن رہنماؤں نے سپریم کورٹ میں درخواستیں داخل کی ہیں، جو فی الحال زیرِ سماعت ہیں۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت رواں ماہ 17 نومبر کو مقرر ہے، جس پر سیاسی اور قانونی حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔
