راہول گاندھی کا گرل فرینڈ کے ساتھ کیمبرج کے ریستوران میں ڈیٹ، دلچسپ انکشافات
والدین سونیا اور راجیو گاندھی کی پہلی ملاقات کی جگہ پر اپنی دوست کو لے گئے
نئی دہلی:۔17؍نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)
کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ کیمبرج یونیورسٹی کے اس ریستوران میں گئے تھے جہاں ان کے والدین سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی پہلی ملاقات ہوئی تھی۔ تاہم انہوں نے وہاں کے کھانے، بالخصوص چکن ڈش کے ذائقے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ تبصرہ بھی کیا۔
راہول گاندھی نے پیر کے روز نئی دہلی میں سونیا گاندھی کی خودنوشت ’’بیلونگنگ: اے جرنی آف لو‘‘ (Belonging: A Journey of Love) کی باضابطہ رسمِ اجرا کے موقع پر اس واقعے کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی سال بعد جب وہ دوبارہ کیمبرج گئے تو اپنی گرل فرینڈ سے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے ریستوران چلیں۔ ان کی دوست کو معلوم نہیں تھا کہ وہ انہیں وہاں کیوں لے جا رہے ہیں۔ راہول کا مقصد اس مقام کو دیکھنا تھا جہاں ان کے والدین پہلی مرتبہ ملے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ریستوران پہنچنے کے بعد وہاں موجود شخص کو جب انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین اسی مقام پر ملے تھے تو اس شخص نے فوری طور پر کہا کہ وہ انہیں جانتا ہے۔راہول گاندھی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو محبت کرنی ہے تو یونیورسٹی کے ریستوران ضرور جانا چاہیے، لیکن وہاں کبھی چکن ڈش نہیں کھانی چاہیے۔ ان کے مطابق ان کے والدین کو وہاں کا کھانا بہت پسند تھا اور وہ اسے ہمیشہ اچھے انداز میں یاد کرتے تھے، لیکن انہیں خود وہاں کا کھانا بالکل پسند نہیں آیا۔
First time publicly Rahul Gandhi talked about his Girlfriend.
#RahulGandhi #GIRLFRIEND https://t.co/1m1gnU9ktc
— kanvkanv (@kanvkanv24x7) November 17, 2026
تقریب کے بعد نامہ نگاروں نے جب راہول گاندھی سے ان کی گرل فرینڈ کے بارے میں سوال کیا اور پوچھا کہ وہ کہاں ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’’وہ میری دوست ہے۔
دوسری جانب ہارپر کولنز انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اننت پدمنابھن نے بتایا کہ سونیا گاندھی کی خودنوشت کی اشاعت کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دو لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ ان کے مطابق اس کتاب کو آزاد ہندوستان میں شائع ہونے والی سب سے بڑی سوانح عمری قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کتاب کی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ کتاب خریدنے والوں میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو اپنے آرڈر کی فراہمی کے منتظر ہیں، جبکہ کچھ لوگ کتاب پڑھ چکے ہیں، لیکن اس کا اعتراف بلند آواز میں کرنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ ان کے اس تبصرے پر تقریب میں موجود شرکاء نے قہقہے لگائے اور تالیاں بجائیں۔ اگلی صف میں بیٹھے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی بھی یہ بات سن کر مسکرا اٹھے۔
