ڈیوٹی کے دوران فارم ہاؤس میں سالگرہ منانا پولیس عہدیداروں کو مہنگا پڑا

تازہ خبر تلنگانہ

ڈیوٹی کے دوران فارم ہاؤس میں سالگرہ منانا پولیس عہدیداروں کو مہنگا پڑام
عہدیداروں کی رقص کرتے ہوئے ویڈیوز وائرل
5 عہدیدار ہیڈکوارٹرس سے منسلک، مزید 9 کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی
حیدرآباد:۔17/نومبر
(زین نیوز)

تلنگانہ کے ضلع منچیریال میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈیوٹی کے دوران فارم ہاؤس میں سالگرہ کی تقریب میں شرکت اور رقص کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی۔ اس واقعہ سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد رام گنڈم پولیس کمشنریٹ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے پانچ پولیس عہدیداروں کو ہیڈکوارٹرس سے منسلک کردیا، جبکہ مزید نو عہدیداروںکے خلاف محکمہ جاتی تادیبی کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بیلم پلی ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس اہلکار ایک فارم ہاؤس میں منعقدہ سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ ان میں خواتین پولیس عہدیداربھی شامل تھیں۔ وائرل ویڈیوز میں پولیس اہلکاروں کو گروپ کی شکل میں رقص کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ بعض ویڈیوز میں انہیں سوئمنگ پول میں بھی رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ الزام ہے کہ تقریب میں شریک بعض عہدیدار شراب کے نشے میں بھی تھے۔

اطلاعات کے مطابق بعض پولیس عہدیداروں کے سرکاری ریکارڈ میں ڈیوٹی پر موجود ہونے کے باوجود ان کی جانب سے نجی تقریب میں شرکت کا معاملہ سامنے آیا۔ اس کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے داخلی تحقیقات شروع کیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ تقریب میں کون کون شریک تھا، آیا متعلقہ اہلکاروں نے اعلیٰ افسران سے اجازت حاصل کی تھی یا چھٹی منظور کروائی تھی اور آیا کسی نے ڈیوٹی سے غیر حاضری اختیار کی تھی۔

اس واقعہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے رام گنڈم پولیس کمشنر امبر کشور جھا نے پانچ اہلکاروں کو پولیس کمشنریٹ ہیڈکوارٹرس سے منسلک کرنے اور مزید نو اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ پولیس کمشنر نے واضح کیا کہ یہ طرز عمل محکمہ کے نظم و ضبط اور وقار کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کی ذمہ داری نبھانے والے پولیس عہدیداروں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے۔

ڈیوٹی میں غفلت اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ محکمہ کی ساکھ اور وقار برقرار رکھتے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ ساتھ ہی خبردار کیا کہ فرائض میں لاپروائی یا محکمہ کے وقار کو نقصان پہنچانے والے اقدامات پر سخت کارروائی کی جائے گی۔