حیدرآباد میں ریشما ڈان کے خلاف وصولی، گھر میں گھسنے اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ
حاشم نگر میں ایک ہفتے سے مبینہ ہراسانی، منور حسین خان سے کئی مرتبہ رقم لینے کا الزام، پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لیا
حیدرآباد:۔22/نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)
حیدرآباد شہر کے لنگر ہاؤس پولیس اسٹیشن کے حدود میں مبینہ طور پر رقم وصولی، گھر میں زبردستی داخل ہونے اور ایک خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے معاملے میں ریشما عرف ریشما ڈان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ملزمہ کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حاشم نگر کی رہنے والی ارشیہ خان نے شکایت درج کروائی کہ عطاء پور علاقے سے تعلق رکھنے والی ریشما گزشتہ ایک ہفتے سے ان کے خاندان کو مسلسل ہراساں کررہی تھی اور رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے رقم نہ دینے پر خاندان کے تمام افراد کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہی تھی۔ شکایت کنندہ کے مطابق ملزمہ اس کے بھائی منور حسین خان سے پہلے بھی کئی مرتبہ رقم وصول کرچکی تھی، تاہم مزید رقم دینے سے انکار پر اس نے دھمکانے اور ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔
شکایت میں مزید الزام عائد کیا گیا کہ 19 نومبر کو ریشما ایک نامعلوم شخص کے ساتھ پلسر موٹر سائیکل پر ان کے گھر پہنچی اور مزید رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے خاندان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ملزمہ پر فون کالز کے ذریعہ گالی گلوج اور دھمکیاں دینے کے علاوہ منور حسین خان کا تعاقب کرنے اور سابق میں اس پر جسمانی حملہ کرنے کا بھی الزام ہے۔
پولیس نے اس شکایت پر کرائم نمبر 297/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 329(3)، 308(4) اور 351(3) کے تحت مقدمہ درج کیا۔ لنگر ہاؤس پولیس نے ٹاسک فورس کی مدد سے 21 نومبر کی صبح عطاء پور میں ایس این آر گارڈنس کے قریب ملزمہ کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق عدالت میں پیشی کے بعد اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق ملزمہ کا اصل نام ریشما بیگم ہے۔ پولیس کی تفتیش کے دوران حمیون نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے موٹر سائیکل نذرِ آتش کرنے کے ایک سابقہ واقعہ میں بھی اس کے مبینہ ملوث ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس اس سلسلے میں مزید تحقیقات کررہی ہے۔
