تعلیمی نظام میں بڑی تبدیلی پر تلنگانہ سیو ایجوکیشن کمیٹی متحرک

تازہ خبر تلنگانہ

تعلیمی نظام میں بڑی تبدیلی پر تلنگانہ سیو ایجوکیشن کمیٹی متحرک
ریاست گیر تعلیمی جدوجہد یاترا کا اعلان

 

 

حیدرآباد، 22 نومبر

زین نیوز

تلنگانہ میں اسکولی تعلیم کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کے انضمام کے حکومتی فیصلے پر تلنگانہ سیو ایجوکیشن کمیٹی نے مختلف پہلوؤں سے تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کے صدر پروفیسر کے چکرادھر راؤ، جنرل سکریٹری پروفیسر جی ہراگوپال اور آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر کے لکشمی نارائن نے 20 نومبر کو جاری کردہ سرکلر میں ریاستی عاملہ کے اجلاس کے اہم فیصلوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کی تفصیلات پیش کیں۔

سرکلر کے مطابق 19 نومبر کو منعقدہ ریاستی عاملہ کے اجلاس میں اسکولی تعلیم میں انٹرمیڈیٹ کے انضمام کے حکومتی اعلان پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ کمیٹی نے اس فیصلے کے مختلف پہلوؤں اور موجودہ حالات میں اس پر عمل آوری کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے قرار دیا کہ حکومت ضروری شرائط اور مضبوط انتظامات کے ساتھ پیشگی اقدامات کرے تو اصولی طور پر اعتراض کی ضرورت نہیں۔ اس سلسلے میں مزید مطالعہ کے لیے کے لکشمی نارائن کی کنوینر شپ میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو 5 دسمبر کو کمیٹی کا موقف مباحثی دستاویز کی شکل میں جاری کرے گی۔

کمیٹی نے 13 دسمبر کو حیدرآباد میں ریاستی سطح کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں تمام اضلاع کی عاملہ کے ارکان شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں موجودہ تعلیمی پالیسی، تعلیمی جدوجہد یاترا اور اضلاع میں تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تعلیمی جدوجہد یاترا 21 تا 31 جنوری 2027 دو ٹیموں کی صورت میں منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 14 دسمبر 2026 سے 19 جنوری 2027 تک تمام اضلاع میں مہم چلاتے ہوئے ضلعی اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ یاترا کے انتظامات، پمفلٹس، پوسٹرس اور مالی وسائل سے متعلق حتمی فیصلے 5 دسمبر کے اجلاس میں کیے جائیں گے۔