واٹس ایپ ویب پر حساس معلومات کا تبادلہ خطرناک، حکومت کی وارننگ
ہر باراستعمال کے بعد لاگ آؤٹ کرنے کی ہدایت
نئی دہلی:۔23/نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)
مرکزی حکومت نے واٹس ایپ ویب استعمال کرنے والوں کو سائبر سکیورٹی کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے سرکاری، مالیاتی، خفیہ اور دیگر حساس معلومات کے تبادلے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزارت داخلہ کے تحت انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (I4C) کی نیشنل سائبر کرائم تھریٹ اینالیٹکس یونٹ (NCTAU) نے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا کہ واٹس ایپ ویب کے فعال سیشن کا سائبر مجرم ناجائز استعمال کرکے صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز واٹس ایپ ویب کے ذریعے نجی پیغامات پڑھنے، رابطوں کی فہرست اور گروپ چیٹس تک رسائی حاصل کرنے کے علاوہ صارف کی شناخت اختیار کرکے دوسروں کو پیغامات بھیج سکتے ہیں۔ اس طرح دھوکہ دہی، فشنگ اور دیگر سائبر جرائم انجام دینے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔حکومت نے خاص طور پر دفتر کے کمپیوٹرس، مشترکہ نظاموں، عوامی کمپیوٹرس اور ایسے آلات پر واٹس ایپ ویب استعمال کرنے والوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے، جن تک دوسرے افراد کی رسائی ہوسکتی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سرکاری، تنظیمی، مالیاتی، خفیہ یا دیگر حساس معلومات کا تبادلہ کمپیوٹر پر واٹس ایپ ویب کے ذریعے کرنے سے گریز کیا جائے اور اکاؤنٹ کو مستقل لاگ اِن نہ رکھا جائے۔سائبر سکیورٹی یونٹ نے واضح کیا کہ صرف براؤزر کی ونڈو یا ٹیب بند کردینے سے واٹس ایپ ویب کا سیشن ختم نہیں ہوتا، لہٰذا ہر مرتبہ استعمال کے بعد صارفین کو خود لاگ آؤٹ کرنا ضروری ہے۔
اگر واٹس ایپ ویب کا استعمال ناگزیر ہو تو قابل اعتماد کمپیوٹر پر انکوگنیٹو یا پرائیویٹ براؤزنگ موڈ استعمال کرنے اور براؤزر بند کرنے سے پہلے لاگ آؤٹ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔حکومت نے سائبر کیفے، عوامی کیوسک، ہوٹلوں کے بزنس مراکز، ادھار لیے گئے کمپیوٹرس اور دیگر غیر معتبر آلات پر واٹس ایپ ویب میں لاگ اِن ہونے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
صارفین کو اپنے اکاؤنٹس میں غیر معمولی سرگرمی، نامعلوم پیغامات یا رابطوں کی جانب سے غیر متوقع جوابات پر نظر رکھنے اور آپریٹنگ سسٹم، براؤزر اور سکیورٹی سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ایڈوائزری میں مشتبہ ڈاؤن لوڈز، نامعلوم فائلوں، غیر معتبر ایپلی کیشنز اور غیر قانونی سافٹ ویئر سے بھی دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ صارفین کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور ذاتی معلومات کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھا جاسکے

