ایرانی دھمکیوں کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار فوجی اڈوں میں منتقل
نصف درجن حکام کی محفوظ فوجی رہائش گاہوں میں سکونت،
واشنگٹن:۔28/نومبر
(زین نیوز ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے تقریباً نصف درجن اعلیٰ عہدیداروں نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں اپنے عام رہائشی مکانات چھوڑ کر فوجی اڈوں میں واقع محفوظ رہائش گاہوں میں سکونت اختیار کرلی ہے۔ ان خدشات میں امریکہ میں سیاسی تشدد کے بڑھتے واقعات اور بیرونی ملکوں، بالخصوص ایران کی جانب سے مبینہ دھمکیاں شامل ہیں۔
ان رہائش گاہوں میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ، وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں فوجی رہائش گاہوں میں منتقل ہونے والے اعلیٰ شہری عہدیداروں کی تعداد غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے۔ یہ مکانات بنیادی طور پر اعلیٰ فوجی افسران اور جرنیلوں کی رہائش کے لیے مختص رہے ہیں۔
ان میں سے کئی عمارتیں سو سال سے بھی زیادہ قدیم ہیں، جبکہ ان کے اطراف سخت حفاظتی انتظامات، فوجی پہرہ، محدود داخلی راستے اور آمد و رفت پر کڑی نگرانی رکھی جاتی ہے۔ عام شہریوں کے لیے ان علاقوں تک رسائی بھی محدود ہے۔ان عہدیداروں میں حالیہ دنوں میں وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کی فوجی رہائش گاہ منتقلی خاصی توجہ کا مرکز بنی ہے۔ وہ اس سے قبل واشنگٹن کے متمول علاقے جارج ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ میں مقیم تھے۔
اطلاعات کے مطابق ایران سے ان کی جان کو لاحق مبینہ خطرات کے پیش نظر سیکرٹ سروس نے انہیں محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا تھا۔بیسنٹ نے 13 نومبر کو سی این بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خود فوجی اڈے پر منتقل ہونے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سیکرٹ سروس کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں اور ایران کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی رہائش گاہ کی فضائی تصویر وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا تھا، کیونکہ اس تصویر کے ذریعے ان کے گھر کا درست مقام معلوم کیا جاسکتا تھا۔بیسنٹ ایران کے خلاف امریکی اقتصادی دباؤ اور پابندیوں کی مہم میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے بھی کہا کہ ایرانی حکومت کی دھمکیوں سے بیسنٹ اپنے فرائض کی انجام دہی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ تاہم ایران نے امریکی سرزمین پر حکام یا شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزامات کی تردید کی ہے۔وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر اور ان کی اہلیہ کیٹی نے بھی گزشتہ سال اپنے چار بچوں کے ساتھ ورجینیا میں واقع گھر چھوڑ کر فورٹ میک نیئر میں فوجی رہائش اختیار کی تھی۔
اطلاعات کے مطابق ان کے گھر کے باہر احتجاج اور ہراسانی کے واقعات پیش آئے تھے۔ ایک خاتون نے ان کے گھر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ان کے رہائشی پتے پر مشتمل کتابچے بھی تقسیم کیے تھے۔ملر کے خاندان کو مسلسل دھمکیوں اور نجی معلومات عام کیے جانے کے خدشات کا سامنا تھا۔ ان واقعات کے بعد خاندان کی حفاظت کے پیش نظر فوجی رہائش گاہ منتقل ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملر ٹرمپ انتظامیہ کے بااثر مشیروں میں شمار ہوتے ہیں اور ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی حمایت کرچکے ہیں۔وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور اسٹیفن ملر کا خاندان واشنگٹن کے فورٹ میک نیئر فوجی اڈے میں واقع رہائش گاہوں میں مقیم ہے۔ یہاں جرنیلوں کے لیے مختص مکانات کی ایک قطار کو ’’جنرلز رو‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ علاقہ سخت حفاظتی انتظامات کے باعث عام شہری رہائشی علاقوں سے بالکل مختلف ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فوجی حفاظتی حصار میں رہنے کے باوجود ان عہدیداروں کی روزمرہ زندگی میں پڑوسیوں جیسے معمول کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔ روبیو اور ان کی اہلیہ نے کیٹی ملر کے پوڈکاسٹ میں بتایا تھا کہ ان کا گولڈن ڈوڈل نسل کا پالتو کتا ایک مرتبہ غلطی سے ہیگستھ کے گھر میں داخل ہوگیا تھا۔ روبیو نے یہ بھی بتایا کہ ہیگستھ کی بلی اکثر ان کے گھر کے برآمدے میں آکر بیٹھ جاتی ہے۔فوجی اڈوں میں رہائش اختیار کرنے والے اعلیٰ عہدیداروں کو یہ مکانات مفت فراہم نہیں کیے جاتے بلکہ انہیں مقررہ کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق بعض رہائش گاہوں کا ماہانہ کرایہ 4,500 امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے معاملے میں ماہانہ کرایہ 4,655 ڈالر سے زائد بتایا گیا ہے۔ہیگستھ کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کا معاملہ بھی توجہ کا مرکز بنا تھا۔ امریکی فوج نے ایک خالی فوجی رہائشی مکان کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے 1,37,297 ڈالر خرچ کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس رقم میں صرف پینٹنگ کے لیے 49,900 ڈالر مختص کیے گئے تھے۔
اس مکان میں ہیگستھ کی رہائش کا منصوبہ تھا۔ ان اخراجات پر امریکی قانون سازوں نے سوالات اٹھائے تھے اور محکمہ دفاع سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔فوجی اڈوں میں سیاسی طور پر مقرر کیے گئے اعلیٰ عہدیداروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے امریکی کانگریس کے بعض ارکان کی توجہ بھی حاصل کی ہے۔
ڈیموکریٹ رکن کانگریس جارج وائٹ سائڈز نے اس معاملے کی جانچ ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی اہلکاروں کے لیے مختص رہائش گاہوں میں مقیم سیاسی عہدیداروں سے منصفانہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق کرایہ وصول کیا جانا چاہیے۔امریکی ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی نے محکمہ دفاع سے رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت دی ہے۔
اس میں فوجی رہائش گاہوں میں مقیم سیاسی عہدیداروں کی تعداد، انہیں وہاں منتقل کرنے کی وجوہات، ان کی حفاظت کو لاحق خطرات، قانونی جواز اور ادا کیے جانے والے کرایوں کی تفصیلات پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ یہ رپورٹ یکم مئی 2027 تک پیش کی جانی ہے۔
سی این این کی رپورٹ میں امریکی یونیورسٹی کے ماہر تھامس کاہن نے اس رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی عہدیدار پہلے ہی سخت حفاظتی حصار میں زندگی گزارتے ہیں، لیکن جب وہ عام شہری آبادیوں سے بھی الگ ہوکر فوجی کمپاؤنڈز میں رہنے لگتے ہیں تو عوام اور حکمرانوں کے درمیان فاصلہ مزید بڑھ جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں بڑھتے ہوئے سیاسی تشدد اور بیرونی خطرات کے باعث اعلیٰ عہدیداروں کی محفوظ فوجی رہائش گاہوں میں منتقلی کا رجحان مستقبل کی امریکی حکومتوں میں بھی جاری رہ سکتا ہے، خواہ اقتدار میں ریپبلکن ہوں یا ڈیموکریٹس۔
سی این این نے اس ماہ امریکی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے یہ بھی رپورٹ کیا تھا کہ ایران واشنگٹن میں اعلیٰ امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے تابکاری پھیلانے والے بم یا کیمیائی ہتھیار کے استعمال جیسے امکانات پر غور کررہا ہے۔ تاہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 17 نومبر کو کہا تھا کہ امریکہ کو کسی فوری حملے کا خطرہ لاحق نہیں ہے۔ اس طرح فوجی رہائش گاہوں میں منتقلی کے پیچھے صرف ایران سے متعلق خدشات نہیں بلکہ اندرون ملک سیاسی تشدد، احتجاج اور ذاتی معلومات افشا ہونے کے واقعات بھی اہم عوامل ہیں۔
مجموعی طور پر امریکی دارالحکومت میں اعلیٰ شہری عہدیداروں کا فوجی رہائش گاہوں میں منتقل ہونا محض سکیورٹی کا معاملہ نہیں رہا بلکہ اس نے سرکاری وسائل کے استعمال، فوجی رہائش گاہوں کی دستیابی اور جمہوری قیادت کے عوام سے تعلق جیسے اہم سوالات بھی کھڑے کردیے ہیں۔
