Medical Collge Stundents

ریگنگ کا انکشاف، 38 ایم بی بی ایس طلباء معطل

تازہ خبر قومی

ریگنگ کا انکشاف، 38 ایم بی بی ایس طلباء معطل
ہر طالب علم پر 25 ہزار روپے جرمانہ
لکھنؤ:۔28؍نومبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)

اترپردیش کی کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو) میں جونیئر طلباء کی ریگنگ کا ایک واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کالج انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ایم بی بی ایس کے 38 طلباء کو تین ماہ کے لیے معطل کردیا ہے۔ معطل کیے گئے طلباء پر فی کس 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جبکہ ان کے وظائف ایک سال کے لیے روک دیے گئے ہیں۔

اس کارروائی میں ان دو جونیئر طلباء کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر اپنے ساتھی طلباء کی ریگنگ میں مدد کی تھی۔کالج انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، ایم بی بی ایس فرسٹ ایئر کے طلباء کو اپنے سینئرز کے سامنے مخصوص انداز میں کھڑے ہونے اور انہیں احتراماً مبارکباد دینے کے لیے مجبور کیا جاتا تھا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جونیئر طلباء کالج کے احاطے میں ایک قطار میں کھڑے ہیں اور اپنے ہاتھ پیچھے باندھ کر سینئرز کے سامنے جھک رہے ہیں۔

اس دوران وہ سینئرز کو ’پرنام مہودے‘ اور ’پرنام مہودے جی‘ کہتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں اطراف میں موجود بعض افراد کو اس واقعے کی ریکارڈنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ یونیورسٹی کے کلام سینٹر کے باہر پیش آیا، جہاں جونیئر طلباء کو ہاسٹل سے کلاس رومز کی جانب آتے جاتے ہوئے اپنے سینئرز کو مذکورہ انداز میں سلام کرنے پر مجبور کیا جاتا تھا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یونیورسٹی میں ریگنگ کے واقعات پر تشویش پیدا ہوگئی اور کالج انتظامیہ کی توجہ بھی اس جانب مبذول ہوئی۔

ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی کی اینٹی ریگنگ کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔ کمیٹی نے جونیئر طلباء کو ہراساں کرنے اور انہیں سینئرز کے سامنے جھک کر مخصوص الفاظ میں سلام کرنے پر مجبور کیے جانے کے الزامات کا جائزہ لیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر انتظامیہ نے 2025 بیچ کے 38 ایم بی بی ایس طلباء کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

انتظامیہ کے مطابق، تمام 38 طلباء کو تین ماہ کے لیے معطل کرنے کے علاوہ ہر ایک پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ان کے وظائف بھی ایک سال کے لیے روک دیے گئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کارروائی صرف مبینہ طور پر ریگنگ کرنے والے طلباء تک محدود نہیں رہی بلکہ اس عمل میں اپنے ساتھیوں کی مدد کرنے والے دو جونیئر طلباء کو بھی معطلی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

اس واقعے نے ایک بار پھر تعلیمی اداروں میں ریگنگ کی روک تھام اور جونیئر طلباء کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کارروائی کو تعلیمی اداروں میں ریگنگ کے خلاف سخت پیغام کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔