دہلی میں ایک ہی دن میں سب سے زیادہ 357 متاثرہ اموات ہوئیں۔
نئی دہلی:25؍اپریل
(زین نیوزڈاٹ نیٹ)
دارالحکومت دہلی میں کورونا انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی مدت میں 3 مئی تک اضافہ کردیا گیا ہے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال نے کہاکہ دہلی میں کورونا انفیکشن کے معاملوں میں اضافہ کے پیش نظرریاست میں لاک ڈاؤن کو ایک اور ہفتے کے لئے بڑھا دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ غور کرنے کے بعد لیا ہے۔ دہلی میں لاک ڈاؤن کو 3 مئی کی صبح 5 بجے تک بڑھایا جارہا ہے۔

کیجریوال نے اتوار کے روز قومی دارالحکومت میں قابل اطلاق لاک ڈاؤن کو ایک اور ہفتے کے لئے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں کورونا انفیکشن کی حالت تشویشناک ہے اور انفیکشن کی شرح پچھلے کچھ دنوں میں 36 فیصد بڑھ گئی ہے۔ اور کورونا سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن ہی آخری ہتھیار ہےکیجریوال نے کہا کہ 19 اپریل کی رات کو نافذ لاک ڈاؤن 3 مئی کی صبح 5 بجے تک جاری رہے گا۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ حکومت نے ایک پورٹل شروع کیا ہے جو آکسیجن کی سپلائی کے بہتر بندوبست کے لئے آکسیجن مینوفیکچروں، سپلائرس اور اسپتالوں کے ذریعہ ہر دو گھنٹے میں اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ مرکز اور ریاست کی ٹیمیں ایک ساتھ کام کررہی ہیں۔
انھوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے نفاذکے بعد بھی قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے ،۔ اس لاک ڈاؤن کے بعد تارکین وطن مزدوروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنے گھر جانے کے لئے بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن پہنچ رہے تھے۔ دہلی حکومت نے انفیکشن کےسلسلہ کو توڑنے اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔
