جنگ بندی میں تاخیر بچوں کا قتل اور تباہی کا سبب

تازہ خبر عالمی

اسرائیل کے ہاتھ اسلحہ کی فروخت چونکا دینے والا فعل

واشنگٹن :18 / مئی
(زین نیوز ؍ایجنسیز )
امریکی رکن کانگریس الہان عمر کا کہنا ہے کہ ہماری سیز فائر کی حمایت میں تاخیر بچوں کے قتل اور تباہی کا سبب بنی ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے کہاکہ اب بائیڈن کو اسرائیلی قبضے کے خاتمے پر زور دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی الہان عُمر نے کہا تھاکہ اسرائیل فلسطین تصادم میں ہر موت ایک سانحہ ہے ، عام شہریوں کو نشانہ بنانے والا ہر راکٹ اور ہر بم جنگی جرم ہے ۔الہان عمر کا کہنا تھا کہ مجھے ہر اس بچے کے درد کا احساس ہے جو خوف کے مارے بستر میں چھپ جاتا ہے ۔اُنہوں نے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاش ہم بطور قوم اس درد سے مساوی طور پر نمٹیں، اس وقت ہم ایسا نہیں کررہے ۔

الہان عمر کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کے خلاف سنگین جرائم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرنے کے بجائے ہمارے بہت سے کانگریس اراکین سیلف ڈیفنس کے نام پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی حمایت کررہے ہیں۔

بائڈن انتظامیہ کا اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو کے ہاتھ، غیر مشروط شکل میں 735 ملین ڈالر مالیت کے ، حساس گائیڈڈ میزائلوں کی فروخت کی منظوری دینا نہایت چونکا دینے والا فعل ہے :

عمرامریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر نے غزہ پر حملوں سے مختصر مدت قبل اسرائیل کے ہاتھ 735 ملین ڈالر مالیت کے اسلحے کی فروخت کی منظوری دینے پر بائڈن انتظامیہ کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔

جاری کردہ تحریری بیان میں الہان نے اسرائیل کے ہاتھ حساس گائیڈڈ میزائل کی فروخت کی منظوری دینے پر بائڈن انتظامیہ پر تنقید کی اور کہا ہے کہ تشدد میں اضافے اور شہریوں پر حملوں کے دوران بائڈن انتظامیہ کا اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو کے ہاتھ، غیر مشروط شکل میں 735 ملین ڈالر مالیت کے ، حساس گائیڈڈ میزائلوں کی فروخت کی منظوری دینا نہایت چونکا دینے والا فعل ہے

۔انہوں نے کہا ہے کہ اس فروخت کی منظوری تشدد کو گرین سگنل دینے اور فائر بندی کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا مفہوم رکھتی ہے ۔ اسرائیل کے شہریوں پر حملوں کو دیکھنے کے بعد امریکی انتظامیہ کو اسلحے کی مذکورہ فروخت پر دوبارہ نظر ثانی کرنی چاہیے ۔واضح رہے کہ ڈیموکریٹ کانگریس اراکین، فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے دوران ،بائڈن انتظامیہ کی اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کی پالیسیوں پر ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔