جموں و کشمیر مکمل ریاست کی بحالی کب ہوگی؟

تازہ خبر قومی

مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائےکا راجیہ سبھا میں جواب
نئی دہلی:28؍جولائی
(زین نیوز؍ایجنسیز)
مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نےچہارشنبہ کے روز راجیہ سبھا میں کہا کہ جب حالات معمول پرآجائیں گے تو جموں و کشمیر کو مکمل ریاست دی جائیگی۔ رائے نے یہ بات شیوسینا کی رکن پارلیمنٹ پریانکا چترویدی کے ایک تحریری سوال کے جواب میں کہی۔

پرینکا چترویدی نے پوچھا تھا کہ مستقبل میں جموں و کشمیر میں ریاست کی بحالی کے لئے مرکز کی کیا تجویز ہے؟ واضح رہے کہ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کے خاتمہ کے بعد جموں و کشمیر ریاست کا درجہ چھین لیا گیا تھا۔ اس ریاست کو جموں وکشمیر اور لداخ کی حیثیت سے دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ۔ آرٹیکل 370 کے خاتمہ کے بعد ، ریاست کو ایک مرکزی علاقہ بنایا گیا ہے

رکن پارلیمنٹ چترویدی نے یہ بھی پوچھا تھا کہ کیا حکومت ریاست کے مختلف میڈیا پر ایک سال سے زیادہ سے عائد پابندیوں کو ختم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

مرکزی وزیر نتیانند رائے نے بتایا کہ دہشت گردی کے واقعات میں 59 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ، جموں و کشمیر میں ہونے والے دہشت گردی سے متعلقہ واقعات میں 2019 کے مقابلہ میں 2020 میں 59 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور جون 2021 تک ان میں32% فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

ایوان بالا کو ایک تحریری جواب میں رائے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دکانیں اور تجارتی ادارے ، سرکاری دفاتر ، تعلیمی ادارے ، صحت کے ادارے ، پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ عام طور پر چل رہے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نے بھی کہا کہ مرکزی حکومت دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری کی پالیسی اپنارہی ہے۔ اس کے لئے سیکوریٹی انتظامات سخت کیے جارہے ہیں۔

دہشت گرد تنظیموں کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے محاصرے اور تلاشی کی کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ سیکوریٹی فورسز دہشت گرد گروہوں کو مدد فراہم کرنے والوں پر مستقل نظر رکھے ہوئے ہیں۔