بگ باس 19: کپتانی ٹاسک تنازع کا شکار، نہال کے الزامات پر سوشل میڈیا میں ہنگامہ
ممبئی:۔12؍ستمبر
(ایم۔ملک)
بگ باس 19 کے تازہ ایپی سوڈ میں کپتانی ٹاسک ایک بڑے تنازع کا باعث بن گیا۔ جہاں بصیر علی اور ابھیشیک بجاج کے درمیان جھڑپ نے ماحول کو کشیدہ کیا، وہیں نہال چڈاسامہ اور امل ملک کا معاملہ سب سے زیادہ زیرِ بحث رہا۔ نہال کے الزامات اور امل کی وضاحت نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا۔
ٹاسک کے دوران نہال اچانک جذباتی ہوگئی اور روتے ہوئے امل پر نامناسب طریقے سے چھونے کا الزام لگا دیا۔ اس الزام نے ایک لمحے میں گھر کا ماحول بدل ڈالا۔ نہال بار بار یہ کہتی نظر آئیں کہ معاملہ ان کے لیے حساس ہے اور وہ سب کے سامنے کھل کر بات نہیں کر پا رہیں۔الزامات کے بعد امل ملک نے نہ صرف وضاحت دی بلکہ ذیشان قادری کے سامنے حلف اٹھا کر کہا کہ ان کی نیت بالکل صاف تھی اور انہوں نے کبھی نہال کو نامناسب طریقے سے ہاتھ نہیں لگایا۔
گھر کے زیادہ تر ساتھی بھی امل کی حمایت میں نظر آئے۔امل نے متعدد بار نہال سے معافی مانگی، حالانکہ وہ خود کو بے قصور قرار دے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ٹاسک کے دوران گرما گرمی میں غلط فہمی ہوئی ہو لیکن ان کا ارادہ ہرگز غلط نہیں تھا۔ بعد میں نہال نے بھی گفتگو میں اعتراف کیا کہ ٹاسک میں جسمانی رابطے سے گریز کیا جانا چاہیے تھا۔
یہ معاملہ تیزی سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔ ٹوئٹر پر صارفین نے ٹاسک کا کلپ شیئر کرتے ہوئے نہال کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک صارف نے لکھاکہ ویڈیو میں صاف نظر آ رہا ہے کہ امل نے کچھ غلط نہیں کیا، پھر بھی نہال نے الزام لگایا، یہ شرم کی بات ہے۔ایک اور صارف نے تبصرہ کیاکہ ہر بار شکار کا کارڈ کھیلنا اب ناگوار لگ رہا ہے۔ امل نے بلاوجہ معافی مانگی، حالانکہ یہ ان کی غلطی نہیں تھی۔
ناظرین کی اکثریت امل ملک کی حمایت میں کھڑی نظر آئی۔ ایک کمنٹ میں کہا گیا امل، آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ کھیل کو کھیل کے طور پر لیا جانا چاہیے، اس میں صنفی فرق کی گنجائش نہیں۔کچھ افراد نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ہر بار صنفی کارڈ کھیلنے کی روایت کب ختم ہوگی؟ ان کے مطابق کھیل کو صرف کھیل کے طور پر ہی دیکھا جانا چاہیے
