ہندوستان نویں ایشیا کپ کا چیمپئن ۔تلک ورما کی شاندار اننگز
دبئی:۔27؍ستمبر
(اسپورٹس ڈیسک)
نظاموں کے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے باہمت بلے باز تلک ورما نے دبئی میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں اپنی نپی تلی اور جارحانہ اننگز کے ذریعے ہندوستان کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف پانچ وکٹوں سے تاریخی کامیابی دلائی۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے ایشیا کپ کا نواں ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ہندوستان کو 148 رنز کا ہدف ملا تھا۔
ابتدا میں 20 کے اسکور پر ہی تین وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤ میں آ گئی تھی، لیکن تلک ورما (53 گیندوں پر ناقابل شکست 69) نے دباؤ کو برداشت کرتے ہوئے سنجو سیمسن (24) اور شیوم دوبے (33) کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں اور ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔میچ کے آخری اوور میں ہندوستان کو 10 رنز درکار تھے۔
اس نازک مرحلے پر تلک ورما نے اپنی حاضر دماغی دکھائی اور گیند کو رنکو سنگھ کے سامنے چھوڑا، جنہوں نے ٹورنامنٹ کی اپنی پہلی گیند پر جیت کا باؤنڈری شاٹ کھیل کر ہندوستانی شائقین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔پاکستان کی بیٹنگ کا انہدامپاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اوپنرز فخر زمان (46) اور صاحبزادہ فرحان (57) نے 84 رنز کی مضبوط شراکت قائم کرکے خطرہ ضرور پیدا کیا، لیکن اس کے بعد ہندوستانی اسپنرز نے تباہی مچادی۔کلدیپ یادیو نے 30 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔اکسر پٹیل اور ورون چکرورتی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جسپریت بمراہ نے بھی شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی آخری 9 وکٹیں صرف 33 رنز کے اضافے پر گریں اور ٹیم ایک مضبوط پوزیشن سے اچانک کمزور ہوکر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کا فیصلہ کن موڑپاکستانی گیند باز حارث رؤف نے اپنے 3.4 اوورز میں 50 رنز دیے۔ ان کے ایک اوور میں شیوم دوبے نے دو شاندار چوکے اور ایک چھکا لگا کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔ یہی اوور ہندوستان کی جیت کی بنیاد ثابت ہوا۔ہندوستانی ٹیم کی جیت کی کنجیکپتان سوریہ کمار یادیو کی قیادت اور مینٹور گوتم گمبھیر کی رہنمائی میں ہندوستانی ٹیم نے فائنل جیسے دباؤ والے میچ میں غیر معمولی جرات اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کیا۔
کلدیپ یادیو کی تباہ کن بولنگ اور تلک ورما کی ناقابل شکست نصف سنچری اس تاریخی کامیابی کے اصل معمار رہے۔اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وائٹ بال کرکٹ میں وہ خطے کی سب سے مضبوط ٹیم ہے