اگلے ہفتہ تک ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ کی پیش قیاسی
پہلگام اور اننت ناگ میں درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری
جموں و کشمیر سمیت 7 ریاستوں میں بارش کا امکان
نئی دہلی:۔24؍نومبر
(زین نیوز ڈیسک)
قومی دارالحکومت میں آج صبح کے وقت ہلکی دھند کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود آسمان رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 26 اور 10 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ جمعرات کو زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 29.5 اور 9.2 ڈگری سیلسیس رہا۔
جموں و کشمیر سمیت 7 ریاستوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔ گزشتہ 5 دنوں میں پہلی بار جمعرات کو کشمیر میں پارہ 0.9 ڈگری سے اوپر رہا۔
سب سے زیادہ سردی پہلگام اور اننت ناگ میں منفی 3.3 ڈگری کے ساتھ ریکارڈ کی گئی۔مرکزی محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتہ سے شمالی ہندوستان میں سردی میں اضافے کی پیش قیاسی کی ہے۔
وہیں گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کوکرناگ، کولگام، کپواڑہ جیسے علاقوں میں درجہ حرارت صفر سے 1.7 ڈگری کے درمیان رہا۔
اسکائی میٹ کے مطابق جموں کشمیر، گلگت بلتستان اور مظفرآباد کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ برفباری ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ کیرالہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ کے کچھ حصوں، کرناٹک اور لکشدیپ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ دہلی-این سی آر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) شدید زمرے میں رہے گا۔
آئی ایم ڈی کے سائنسدان سوما سین رائے نے کہا کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے جموں و کشمیر میں جلد ہی ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ 26-27 نومبر کو طوفان اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ ساتھ ہی اس دوران وسطی ہندوستان میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
سردی کے ساتھ ساتھ دہلی میں بھی دھندبڑھنے لگی ہے۔ دارالحکومت دہلی کی ہوا جمعہ کو ایک بار پھر خطرناک سطح پر پہنچ گئی۔ دارالحکومت کا مجموعی ہوا کے معیار کا انڈیکس (AQI) 388 تھا۔ کئی علاقوں میں AQI 400 سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ اے کیو آئی پوسا میں 403، آئی آئی ٹی دہلی میں 579، لودھی روڈ علاقے میں 359 ریکارڈ کیا گیا۔
AQI 386 اور 398 دہلی یونیورسٹی کے علاقے اور ہوائی اڈے (ٹرمینل-3) کے علاقے میں ریکارڈ کیے گئے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق، آنند وہار میں AQI 411 تھا۔ علی پور، وزیر پور اور آر کے پورم نے ‘شدید’ زمرے میں 432، 443 اور 422 کا AQI ریکارڈ کیا۔
