جگتیال میں شرمناک واقعہ: طلبہ سے مزدوری، بینچوں کی منتقلی
ضلع کلکٹر جگتیال کا نوٹس ۔ ہیڈ ماسٹر معطل
جگتیال:20؍ستمبر
(نمائندہ خصوصی)
تعلیم کے لیے کلاس رومز میں بیٹھنے والے معصوم طلبہ کو مزدور بنا دیا گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے پُرانی پیٹ سرکاری اسکول میں پیش آیا جہاں اساتذہ نے ہی طلبہ کو خطرے میں ڈالتے ہوئے بینچوں کی منتقلی کا کام کروایا۔
تفصیلات کے مطابق پُرانی پیٹ سرکاری اسکول میں بینچوں کی کمی کے باعث انتظامیہ نے قریب 10 کلو میٹر دور جگتیال رورل منڈل کے پورانڈلا سرکاری اسکول سے بینچیں منگوانے کا فیصلہ کیا۔
تاہم بجائے مزدوروں یا کسی محفوظ طریقے کے، خود طلبہ کو ہی کُھلے ٹرالی ٹریکٹر پر سوار کرا کے بینچیں ڈھونے پر مجبور کیا گیا۔طلبہ کو اس خطرناک انداز میں ٹریکٹر پر بیٹھا دیکھ کر مقامی عوام اور والدین نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ یہ مناظر وائرل ہونے پر عوامی حلقوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
اسکول ہیڈ ماسٹر نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے فنڈز نہ ملنے کے باعث یہ اقدام کیا گیا اور مقامی مخیر حضرات کی مدد سے بینچیں منگوائی گئی ہیں۔ضلع کلکٹر ستیا پرساد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم کے حکام کو تحقیقات اور کارروائی کی ہدایت دی۔
اس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) رامو نے واقعہ کی رپورٹ طلب کی اور ابتدائی تحقیقات کے بعد پُرانی پیٹ اسکول کے ہیڈ ماسٹر تروپتی کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔یہ واقعہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور انتظامیہ کی غفلت پر کئی سوالات کھڑا کرتا ہے