آج ہمارے اندر نفرت و عداوت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے ، اسے ختم کرنا ہوگا

تازہ خبر قومی

اصلاح معاشرہ کے پروگرام سے مفتی عفان منصور پوری کا اظہار خیال

دیوبند، 8؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
مظفرنگر علاقہ کی مشہور دینی درسگاہ دارالعلوم حسینیہ تاؤلی میں اصلاح معاشرہ کے عنوان سے ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر جامع مسجد امروہہ کے استاذ حدیث مفتی محمد عفان منصورپوری نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصلاح معاشرہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے آج امت مسلمہ کے اندر بڑا بگاڑ پیدا ہو چکا ہے شادیوں میں بے جا اسراف، فضول خرچی بے انتہاتک پہنچ چکی ہے حالانکہ اللہ رب العزت نے فضول خرچ کرنے والوں کو شیاطین کے بھائی کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی انا کی خاطر اتنا زیادہ اسراف کرتے ہیں کہ مقروض ہوجاتے ہیں جب کہ غریب انسان اپنی بچیوں کے نکاح تک نہیں کر پاتے ہیں، یہ سوچنے کا مقام ہے۔ مفتی عفان نے کہا کہ آج ہم اللہ تعالیٰ کو بھولنے کی وجہ سے اپنے آپ کو بھول گئے ہیں ،معاشرہ میں جوحماقتیں ہورہی ہیں اسے دیکھ کر احساس ہوتاہے کہ ہمارے اعمال ایسے ہیں کہ اللہ تباروتعالیٰ ہماری حالت کسی طرح نہیں بدل سکتا، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج ایمان کے خطرے ہمارے گھروں تک پہنچ گئے ہیں۔

انہو ںنے مسلم نوجوانوں میں بڑھ بے راہ روی اور مسلم بچیوں میں پھیلتے ہوئے ارتداد کے اسباب اور ان کے حل پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلمان اپنے بچوں کی دینی تعلیم وتربیت کی فکر کریں اور اپنے اور اپنی نسلوں کے دین وایمان کے تحفظ کے لئے جدوجہد کریں۔ موصوف نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان بچے اور بچیاں موبائل کا غلط استعمال کر رہے ہیں جو نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے اور بہت سے نوجوان بچے بچیاں موبائل کی وجہ سے تباہ و برباد ہو گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو موبائل کے غلط استعمال سے بچنا چاہیے ۔ مفتی عفان نے اتحاد واتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے اندر نفرت و عداوت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے آج بھائی بھائی سے خوش نہیں ہے اور ذرا ذرا سی بات پر ہمارا جھگڑا اتنا بڑھ جاتا ہے کہ مقدمہ بازی ہو جاتی ہے ایک بالشت زمین پر مقدمہ بازی میں لاکھوں روپے خرچ کر دیتے ہیں اور گھر کے گھر برباد ہو جاتے ہیں فساد اور جھگڑوں کو ختم کرکے ہمیں اتحاد واتفاق کو قائم کرنا چاہتے پیار ومحبت کو عام کرکے نفرت و عداوت کا خاتمہ کرنا چاہیے۔

مفتی عفان نے اپنی گفتگو کے آخر میں بڑوں کی رہنمائی میں آگے بڑھنے اور نسلوں کی حفاظت کی تلقین کی ۔ اس موقع پر مولانا تراب الدین،مفتی اسجد، محمد آصف قریشی بڑھانوی،مفتی عبدالقادر قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی،مفتی ندیم،مفتی انس،مفتی مشرف،مولانا ضیاء الحق،مولانا وکیل،مفتی انس،محمد شاکر، کاتب راحل،ماسٹر شمشاد، حافظ محمود،ڈاکٹر صابر، مولانا نعیم،مولانا ارشاد قاری آصف وغیرہ موجود رہے۔ پروگرام کی صدارت ادارہ کے شیخ الحدیث و مہتمم مفتی عبدالصمد قاسمی نے کی اور نظامت کے فرائض مولانا شاہ عالم نے انجام دیئے ۔