بی جے پی کارکنوں کی جانب سے ایم ایل سی کویتا کے گھر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔

تازہ خبر تلنگانہ
ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان معمولی ہاتھا پائی۔ہلکی سے کشیدگی
حیدرآباد: 22؍اگست
(زین نیوز)
تلنگانہ راشٹرا سمیتی رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتاکے گھر کے قریب پیر کی دوپہر کو کچھ دیر کے لیے اس وقت کشیدگی پھیل گئی  جب بھارتیہ جنتا پارٹی، بھارتیہ جنتا یووا مورچہ اور بی جے پی مہیلا مورچہ کے کچھ کارکنوں نے گھر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔ ان میں سے کئی کو احتیاطی تحویل میں لے لیا گیا۔
بی جے پی کارکنوں نے ایم ایل سی کے گھر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی اور دہلی شراب پالیسی گھوٹالے میں ان کا نام آنے کے بعد استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے واضح رہے کہ   کویتا نے پہلے ہی الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا ۔ایم ایل سی کلواکنٹلہ کویتا دہلی شراب گھٹالے معاملہ میں ان کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما اور سابق رکن اسمبلی منجندر سرسا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گی۔
 بھارتیہ جنتا پارٹی، بھارتیہ جنتا یووا مورچہ اور بی جے پی مہیلا مورچہ کے کچھ کارکنوں کی جانب سے محاصرہ کرنے کی اطلاع پر پولیس عہدیداروں کو کویتا کی رہائش گاہ کے قریب تعینات کیا گیا تھا، اس  کے بعدبھی بی جے پی کارکن وہاں احتجاج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوپہر کے قریب مظاہرین چھوٹی چھوٹی کھیپوں میں اس جگہ پر آنا شروع ہو گئے۔ پولیس نے بنجارہ ہلز میں روڈ نمبر 14 پر گھر کی طرف جانے والے راستے پر رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں۔
ٹی آر ایس کارکنوں اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان معمولی ہاتھا پائی بھی ہوئی . پولیس اور بی جے وائی ایم کارکنوں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ بی جے وائی ایم کے کارکنوں کو پولس نے حراست میں لے لیا گیا ۔ایڈیشنل ڈی سی پی (ویسٹ) اقبال صدیقی اور دیگرعہدیدار موقع پر موجود تھے۔