وزیر اعلیٰ کے سی آر کا ہر کام دوسروں کے لیے مشعل راہ
حیدرآباد:29؍جولائی
(زین نیوز)
تلنگانہ وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ کی سالگرہ کے موقع پر دو کروڑ پودے لگاکرشجر کاری میں تلنگانہ ریاست کے نام کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ کے سی آر کا ہر کام دوسروں کے لیے مشعل راہ ہوتاہے۔
ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ضلع میڑچل کے موضع میڈی پلی میں فراہم کردہ راچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ احاطہ میں ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے ایک لاکھ پودوں کی شجر کاری کرنے کے بعد کیا۔
انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں پہلی مرتبہ راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنتوش کمار نے ایک نعرہ "ہر ا ہے تو بھرا ہے” کے ساتھ "گرین انڈیا چیلنج” کا آغاز کیا جس کو زبردست ردعمل ملا اوردیکھتے ہی دیکھتے ریاست بھر میں شجر کاری میں ایک انقلاب برپا ہوا ۔ہریتا ہارم پروگرام، تلنگانہ کے دیگرپروگراموں میں سے ایک ہے جو بڑے پیمانے پر پودے لگانے اور جنگلات کی حفاظت کرنےکے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔

اس پروگرام کا آغاز وزیراعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ نے 3 جولائی 2015 کو اس مقصد کے تحت کیا تھا کہ تلنگانہ میں 230 کروڑ پودے لگائیں جائیں۔ سال 2020 کے آخرتک 220 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں۔اس سے اس پروگرام کی اہمیت اور خوبی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔وزیر موصوف نے ہریتا ہارم پروگرام کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری کی مدد سے ہم ، ہمارے ماحول اور فطرت کو قدیم زمانے کی طرح صاف اور شفاف بنا سکتے ہیں۔
اور آلودگی سے پاک سماج بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی وجہ سے ریاست تلنگانہ میں 24 فیصد سے 34فیصد تک ہریالی میں اضافہ کیاگیا ہے۔رکن پارلیمنٹ سنتوش کمارکو اس پروگرام کے لیے گراموڈیا چیمبر آف کامرس اینڈ ٹکنالوجی کی طرف سے ایوارڈ سے نوازا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آرنے ریاست تلنگانہ کو اپنے سات سالہ دور حکومت میں ملک میں ایک اہم مقام دلایا ہے۔ہریتا ہارم بھی ان منصوبوں میں سے ایک ہے۔

محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے محکمہ پولیس نے ریاست میں لا اینڈ آرڈر کے علاوہ مختلف مقامات پر شجرکاری کے بڑے بڑے پروگرام بھی شروع کیے ہیں۔انہوں نے ڈی جی پی ڈاکٹر مہندر ریڈی ، راچہ کونڈا پولیس کمشنر ،مہیش ایم۔ بھاگوت اور ان کی پوری ٹیم کو ہریتا ہارم پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لیےمبارکبادی پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی تلنگانہ محکمہ پولیس اس طرح کے پروگراموں کو جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر ریاستی وزیر ایم ملّا ریڈی ، پیرزادی گوڑہ بلدیہ مئیر جے۔وینکٹ ریڈی، ڈپٹی مئیر شیوا گوڑ، سابق رکن اسمبلی سدھیر ریڈی،تلنگانہ اسٹیٹ پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کے چیرمن کے۔ دامودر، مقامی کارپوریٹرس، ڈی جی پی ڈاکٹر ایم مہیندر ریڈی،ایڈیشنل ڈی جی پی جیتیندر ریڈی، راچہ کونڈا پولیس کمشنر مہیش ایم بھاگوت، محکمہ جنگلات کے پرنسپال چیف کنزرویٹر آر ایم ڈوبریال، چیف کنزرویٹر ایم جے اکبر اور دیگر شریک تھے۔
