وقف جائیدادوں کے تحفظ اور ترقی کے سلسلہ میں گفتگو۔ مرکزی وقف کونسل کے اراکین کا دورہ حیدرآباد
حیدرآباد:29؍جولائی
(زین نیوز)
مرکزی وقف کونسل کے اراکین نے آج تلنگانہ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ان کے دفتر واقع لکڑی کا پل پر ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں واقع وقف جائیدادوں کی حفاظت اور ترقی کے سلسلہ میں گفتگو کی
اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مرکزی وقف بورڈ اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سات سالوں سے تلنگانہ حکومت اوقافی جائیدادوں کو محفوظ کرنے اور غیر قانونی قبضہ جات کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے
انہوں نے کہا کہ جو غیر قانونی قبضہ جات ہیں وہ تشکیل تلنگانہ سے قبل کے ہیں. قیام تلنگانہ کے بعد سے اوقافی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضہ جات کو روکا گیا
وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندراشیکھر راؤ اوقافی جائیدادوں کی حفاظت میں کافی سنجیدہ ہیں اور اس کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں.
وزیر داخلہ نے مرکزی وقف کونسل اراکین سے اپیل کی کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کو مرکزی وقف کونسل سے خاطر خواہ بجٹ فراہم کریں کیونکہ ریاستی وقف بورڈ کو اس وقت خطیر رقم کی ضرورت ہے تاکہ اوقافی زمینات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اس کو ترقی بھی دی جاسکے کیونکہ کورونا وباء کی وجہ سے تلنگانہ حکومت پر بھاری بوجھ پڑا ہے اور کہا کہ وہ اس ضمن میں عنقریب مرکزی وزیر برائے اقلیتی بہبود مختار عباس نقوی سے ملاقات بھی کریں گے.
مرکزی وقف کونسل کے اراکین نے وزیر داخلہ کی اپیل پر تیقن دیا کہ وہ مرکزی وزارت اقلیتی بہبود تک ان کا پیغام پہنچاتے ہوئے ہر ممکن کوشش کریں گے.اس موقع پر مرکزی وقف کونسل کے اراکین حنیف علی، ٹی. او. نوشاد، قاری محمد ہارون، وسیم خاں، محترمہ منوری بیگم،محترمہ ڈاکٹر درخشاں اندرابی شریک تھے.
