ڈیوٹی پرفوری رجوع ہوجانے ڈاکٹرس کو مشورہ ۔کے سی آر
حیدرآباد:26؍مئی
(زین نیوز)
وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ نے ریاست میں صحت عامہ کی موجودہ صورتحال و نیز کورونا وباء کے پیش نظر جونیئر ڈاکٹرز کو اپنی ہڑتال ختم کرتے ہوئے فوری طور پر ڈیوٹی پر رجوع ہوجانے کا مشورہ دیا-
وزیراعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت نے جونیئر ڈاکٹرز کے ساتھ کبھی بھی امتیازی سلوک نہیں برتا اور یہ کہ ماضی میں ان کے تمام مسائل کو حل کیا جاتا رہا۔ وزیراعلی نے اب بھی حکومت کی جانب سے ان کے تمام جائز مطالبات کو پورا کرنے کا تیقن دیا۔آ
ج بروز چہارشنبہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ نے یہاں پرگتی بھون میں محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کے ہمراہ کورونا کی صورتحال، ویکسینیشن پروگرام اور دیگر اُمور پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

اس موقع پر عہدیداروں نے جونیئر ڈاکٹرز کی ہڑتال سے متعلق وزیراعلیٰ کو واقف کروایا۔ جونیئر ڈاکٹرز کے مطالبات کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ”اگر جونیئر ڈاکٹرز کے مطالبات جائز ہیں تو حکومت کو ان مطالبات کو پورا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ وہ (ہڑتالی ڈاکٹرز) ان مطالبات کو حکومت تک پہنچاتے ہوئے ان کی تکمیل کی راہ ہموار کرواسکتے ہیں۔
تاہم موجودہ صورتحال کو سمجھے بغیر ہڑتال کے بہانے فرائض کی انجام دہی سے روگردانی کرنا اور اس طرح سے لوگوں کے لئے بار بار مشکلات پیدا کرنا مناسب نہیں ہے۔ مزید برآں کورونا کے موجودہ ہنگامی حالات میں ہڑتال کرنا تو لوگوں کے نزدیک بھی ایک قابل ستائش عمل نہیں ھوگا”. محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں نے وزیراعلیٰ کے علم میں یہ بات لائی کہ ریاست میں جونیئر ڈاکٹرز کو دیگر ریاستوں کے بالمقابل زیادہ مشاہرہ (اسٹائی پنڈ) دیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے جونیئر ڈاکٹرز کے مطالبات سے متعلق دریافت کیا جس پر عہدیداروں نے وزیراعلیٰ کو ان کے تمام مطالبات سے واقف کروایا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اُنہیں حل کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹرز کو دئے جارہے مشاہرہ میں 15 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اعظم خان کی حالت تشویشناک۔دوبارہ آئی سی یو میں منتقل
مزید یہ کہ وزیراعلیٰ نے ایسے میڈیکل طلبہ کے لئے جو اپنے تین سالہ میڈیکل کورس کی تکمیل کے بعد کوویڈ سے متعلق فرائض انجام دے رہے ہیں، انہیں بھی سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹرز کے مساوی مشاہرہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی نے نمس (NIMS) اسپتال میں جونیئر ڈاکٹرز اور ان کے کنبہ کے افراد کو بہتر طبّی سہولیات فراہم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے جونیئر ڈاکٹرز کے مطالبے کے پیش نظر عہدیداروں کو متعلقہ ہدایات کے مطابق ایکس گریشیا کی رقم فوری طور پر حوالے کرنے کے لئے درکار اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
مذکورہ اجلاس میں چیف سکریٹری شری سومیش کمار، سی ایم سکریٹری و اسپیشل آفیسر (کوویڈ) شری راج شیکھر ریڈی، پرنسپل سکریٹری (میڈیکل اینڈ ہیلتھ) شری ایس اے ایم رضوی، ڈی ایم ای شری رمیش ریڈی، ڈائریکٹر آف ہیلتھ شری سرینواس راؤ، سی ایم – او ایس ڈی شری گنگادھر اور دیگر نے شرکت کی۔
