دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ : ای ڈی کی بڑی کارروائی، دہلی، پنجاب اور حیدرآباد کے 35 مقامات پر چھاپے

تازہ خبر قومی
یہ سب گندی سیاست کے لیے کیا جا رہا ہے۔ اروند کیجریوال
نئی دہلی: ۔7؍اکتوبر
(زیڈ این ایم ایس)
دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کو بڑی کارروائی کی ہے۔ ای ڈی نے دہلی۔این سی آر سمیت پنجاب اور حیدرآباد میں 30 مقامات پر تازہ چھاپے مارے ہیں۔ اس سے قبل ای ڈی نے ستمبر کے مہینے میں چھاپے مارے تھے۔ اس دوران ای ڈی نے 2 لوگوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔
 تاہم، شراب پالیسی گھوٹالہ کو لے کر مرکز اور دہلی حکومت کے درمیان سیاست تیز ہوتی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھی ای ڈی کی کارروائی پر سوال اٹھائے تھے۔
واضح رہے کہ دہلی حکومت نے اس پالیسی کو واپس لے لیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ای ڈی کی یہ کارروائی شراب تقسیم کرنے والوں، کمپنیوں اور ان سے منسلک اداروں پر کی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے ای ڈی نے 103 مقامات پر چھاپے مارے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے دہلی شراب کی پالیسی 2021-22 کے نفاذ میں بے ضابطگیوں کی سی بی آئی انکوائری کی سفارش کی تھی۔ ساتھ ہی اس معاملے میں اب تک 11 ایکسائز افسران کو بھی معطل کیا جا چکا ہے۔
وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ای ڈی کی کارروائی کو لے کر مرکزی حکومت کو گھیرا۔ انہوں نے کہا تھا کہ شراب پالیسی کو لے کر اب تک 500 سے زیادہ چھاپے مارے جا چکے ہیں۔ لیکن حکام کو کچھ نہیں ملا۔
 انہوں نے کہا تھا کہ افسران کا 24 گھنٹے وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔ منیش سسودیا کے گھر پر پہلا چھاپہ مارا گیا۔ لیکن ای ڈی کو وہاں کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے ملک کبھی ترقی نہیں کرے گا۔ یہ سب گندی سیاست کے لیے کیا جا رہا ہے۔
اس گھوٹالے کو لے کر ای ڈی نے 28 ستمبر کو چھاپہ مارا تھا۔ اس دوران کورباری سمیر مہندرو کو گرفتار کر لیا گیا۔ ای ڈی کی رپورٹ کے مطابق مہندرو نے دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے قریبی ساتھیوں کو شراب پالیسی کی تشکیل اور پالیسی کے نفاذ میں بڑی بے ضابطگیوں کے لیے بھاری رقم ادا کی تھی